اسلام آباد،13 اگست (اے پی پی ): کشمیری حریت رہنما عبدالحمید لون نے یومِ آزادی پاکستان کے موقع پر اپنے ویڈیو پیغام میں پاکستانی عوام کو 14 اگست کی دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کی۔
انہوں نے کہا کہ 14 اگست خوشی اور مسرت کے ساتھ عزم و استقلال کی تجدید کا دن ہے، جبکہ افواجِ پاکستان کی بنیانِ مرصوص کی کامیابی نے جشنِ آزادی کی خوشی میں اضافہ کیا ہے۔ عبدالحمید لون نے کہا کہ برصغیر کی تاریخ کا سب سے عظیم واقعہ تخلیقِ پاکستان ہے اور قائداعظم محمد علی جناح اس عظیم کارنامے کے سب سے بڑے کردار ہیں۔ انہوں نے پاکستان کو ایک عظیم نعمت اور چمکتا ہوا ستارہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام تکمیلِ پاکستان کی جنگ لڑ رہے ہیں اور کشمیر اس ایجنڈے کا نامکمل حصہ ہے۔











