انفارمیشن وار فیئر میں وزارت اطلاعات کا کردار ہمیشہ یاد ر کھا جائے گا، وفاقی وزیر عطاء اللہ تارڑ

17

اسلام آباد،14اگست  (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے  اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے کہا ہے انفارمیشن وار فیئر میں وزارت اطلاعات کا کردار ہمیشہ یاد ر کھا جائے گا ، ڈیجیٹل وار فیئر میں قوم کا حوصلہ بلند رکھنا اور عالمی سطح پر پاکستان کا بیانیہ اجاگر کرنا ہماری اولین ترجیح تھی۔

جمعرات  کو یہاں پاکستان ٹیلی ویژن ہیڈ کوارٹرز میں یوم آزادی کے موقع پر پرچم کشائی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ معرکہ حق نے دو قومی نظریہ پر مہر ثبت کی اور یہ حقیقت بن کر دنیا کے سامنے ابھرا، پاکستانی قوم اور مسلح افواج نے بہترین جنگی حکمت عملی سے دشمن کے عزائم خاک میں ملا دیے۔ انہوں نے کہا کہ اس سال جشن آزادی کے ساتھ معرکہ  حق کی تاریخی فتح کا جشن بھی منایا جارہا ہے، اللہ تعالی نے ہمیں یہ توفیق دی کہ ہم نے نہ صرف

انہوں نے کہا کہ 1965ء کی جنگ کے دوران پی ٹی وی سے نشر ہونے والے ملی نغموں نے افواج کا مورال بلند کیا، قوم کو متحد کیا اور وزارت اطلاعات کی خدمات آج بھی تاریخ کا روشن حصہ ہیں، وقت کے ساتھ بیانیہ کی جنگ میں ارتقا آیا اور اس بار بھی وزارت اطلاعات اور پی ٹی وی نے موثر کردار ادا کیا، فیک نیوز اور پروپیگنڈا کا توڑ کیا اور عالمی سطح پر قومی بیانیہ کو پروان چڑھایا۔

 وزیر اطلاعات  نے بتایا کہ بھارت نے ہمارے یو ٹیوب چینلز بند کئے تو جواباً ہم نے ان کے یو ٹیوب چینلز پر اپنے ملی نغمے چلائے، یہ انفارمیشن وار فیئر کا ایک حصہ تھا، ہم نے انٹرنیشنل میڈیا پر بھی پاکستان کا مقدمہ بھرپور انداز میں پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ اس کامیابی میں وزیراعظم شہباز شریف کی رہنمائی، پی ٹی وی کی ٹیم اور وزارت اطلاعات کے تمام شعبوں کی مشترکہ کاوشیں شامل ہیں، سیکرٹری اطلاعات عنبرین جان اور ان کی ٹیم نے ڈیجیٹل کمیونیکیشن ڈیپارٹمنٹ قائم کیا اور پی ٹی وی ورلڈ کے خصوصی پروگرام شروع کئے، ملی نغمے اور دستاویزی فلمیں نشر کیں جنہوں نے عوام کا جذبہ بڑھایا۔

 عطاءاللہ تارڑ  نے کہا کہ معرکہ حق 2025ء تاریخ میں سنہری حروف سے لکھا جائے گا ، اس یوم آزادی پر ہمیں عہد کرنا ہے کہ انفارمیشن وار فیئر کا یہ تسلسل جاری رکھیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ معرکہ  حق پر وزارت اطلاعات اور پی ٹی وی کے کردار سے متعلق جامع دستاویزی فلم تیار کی جانی چاہئے تاکہ آنے والی نسلوں کو رہنمائی فراہم کی جا سکے۔

وزیر اطلاعات نے اس موقع پر وزارت اطلاعات اور پی ٹی وی کی ٹیم کو شاندار خدمات پر خصوصی مبارکباد پیش کی۔