لاہور، 15 اگست (اے پی پی): وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف جاپان حکومت کی خصوصی دعوت پر آج پانچ روزہ سرکاری دورے پر روانہ ہو گئیں۔ لاہور ایئرپورٹ پر اعلیٰ حکام نے وزیراعلیٰ اور ان کے وفد کو رخصت کیا۔ وفد میں سینئر وزیر مریم اورنگزیب، وزیر اطلاعات و ثقافت عظمیٰ زاہد بخاری، صوبائی وزرا ملک صہیب بھرت، ذیشان رفیق، معاون خصوصی ثانیہ عاشق اور اعلیٰ سرکاری افسران شامل ہیں۔ مریم نواز شریف سرکاری طور پر جاپان کا دورہ کرنے والی پہلی وزیراعلیٰ ہیں۔ اپنے دورے کے دوران وہ ٹوکیو، اوساکا اور یاکوہوما کا دورہ کریں گی، جبکہ اوساکا میں ورلڈ ایکسپو میں بھی شرکت کریں گی۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف جاپان کے اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں کریں گی اور مختلف جاپانی اداروں کا بھی دورہ کریں گی تاکہ دوطرفہ تعلقات اور ترقیاتی تعاون کو مزید فروغ دیا جا سکے۔











