وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیر صدارت خصوصی اجلاس

19

لاہور، 15 اگست(اے پی پی): وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیر صدارت ایک خصوصی اجلاس منعقد ہوا جس میں صاف پانی کی فراہمی، واٹر فلٹریشن پلانٹس اور دیگر ترقیاتی امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔  اجلاس میں وزیراعلیٰ کو مثالی گاؤں پراجیکٹ کے بارے میں تفصیلی بریفنگ پیش کی گئی جبکہ لاہور ڈویلپمنٹ پراجیکٹ اور پنجاب ڈویلپمنٹ پراجیکٹ میں پیشرفت پر بھی غور کیا گیا۔ دور دراز علاقوں میں واٹر پمپ نصب کرنے کی تجویز کا جائزہ لیتے ہوئے وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے واٹر فلٹریشن پلانٹس کی تعمیر و مرمت مکمل کرنے کے لیے 30 جون 2026 کی ڈیڈ لائن مقرر کر دی۔ انہوں نے لاہور ڈویلپمنٹ پراجیکٹ میں سڑکوں کی تعمیر و مرمت جلد از جلد مکمل کرنے پر زور دیا اور بعض منصوبوں کی بروقت تکمیل نہ ہونے پر ناپسندیدگی کا اظہار کیا۔ اجلاس میں صوبے کے ہر شہر میں بیوٹیفکیشن منصوبوں کی پیشرفت کا بھی جائزہ لیا گیا۔ لاہور ڈویژن میں 51، راولپنڈی میں 64، فیصل آباد میں 37، ملتان میں 75، سرگودھا میں 45، گوجرانوالہ میں 64، ڈیرہ غازی خان میں 51، بہاولپور میں 61، گجرات میں 53 اور ساہیوال میں 49 منصوبے مکمل کیے جائیں گے۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ بیوٹیفکیشن کے تمام منصوبے مقررہ وقت پر مکمل کیے جائیں اور عوام کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ واٹر فلٹریشن پلانٹس کی تعمیر، مرمت اور بحالی کے لیے باقاعدہ نظام وضع کیا جائے اور ترقیاتی منصوبوں میں ٹائم لائن اور تعمیراتی معیار کو سختی سے مد نظر رکھا جائے۔