صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین سے چین کے لیٹن آٹو گروپ کے وفد کی ملاقات، پنجاب میں ای وی سمال کار مینوفیکچرنگ کا کارخانہ لگانے، سولر چارجنگ اسٹیشنز کے قیام پر تبادلہ خیال

16

لاہور، 16 اگست (اے پی پی): صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین سے چین کے لیٹن آٹو گروپ کے 15 رکنی وفد نے ملاقات کی۔ وفد کی قیادت گروپ کے جنرل مینیجر مسٹر شوژن کر رہے تھے۔ ملاقات میں چینی گروپ نے پنجاب میں ای وی سمال کار مینوفیکچرنگ کا کارخانہ لگانے اور سولر چارجنگ اسٹیشنز کے قیام میں دلچسپی کا اظہار کیا۔ اس موقع پر صوبائی وزیر نے چینی سرمایہ کاروں کو پنجاب میں سرمایہ کاری کے لیے ہرممکن تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ صوبے کے سپیشل اکنامک زونز میں سرمایہ کاروں کو خصوصی مراعات دی جارہی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ سپیشل اکنامک زونز میں کارخانہ لگانے پر 10 سال تک انکم ٹیکس کی چھوٹ اور ڈیوٹی فری مشینری درآمد کی سہولت بھی میسر ہوگی۔ چوہدری شافع حسین نے کہا کہ پنجاب میں سازگار سرمایہ کاری ماحول کی وجہ سے چین سمیت دیگر ممالک کے سرمایہ کار صنعتیں قائم کر رہے ہیں۔ نئی سرمایہ کاری سے معیشت بہتر اور مقامی افراد کے لیے روزگار کے مواقع پیدا ہو رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب کے ای وی سیکٹر میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں اور حکومت کا فوکس الیکٹرک وہیکلز کے فروغ پر ہے۔ پیسک ہاؤس میں ہونے والی ملاقات میں پنجاب سرمایہ کاری بورڈ کے ڈائریکٹر ڈاکٹر عمران ہاشمی بھی شریک تھے۔ چینی وفد میں گروپ کے پروڈکشن منیجر ژونگ وی، آر اینڈ ڈی ڈائریکٹر ژاؤ شوآنگ سمیت دیگر حکام شامل تھے۔