لاہور، 17 اگست (اے پی پی): صوبائی وزیر صحت و چیئرمین کابینہ کمیٹی برائے ڈیزاسٹر مینجمنٹ خواجہ سلمان رفیق کی زیر صدارت پی ڈی ایم اے ہیڈ آفس میں ہنگامی اجلاس منعقد ہوا، جس میں قائم مقام چیف سیکرٹری پنجاب احمد رضا سرور اور ریلیف کمشنر پنجاب نبیل جاوید نے شرکت کی۔ اجلاس میں ویڈیو لنک کے ذریعے سیکرٹری ایمرجنسی سروسز ڈاکٹر رضوان نصیر، سیکرٹری اری گیشن، کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز بھی شریک ہوئے۔اجلاس میں ممکنہ طوفانی بارشوں، فلیش فلڈنگ اور سیلاب سے نمٹنے کے اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ سیکرٹری اری گیشن، ایمرجنسی سروسز اور مختلف ڈویژنز کے کمشنرز نے اجلاس کو تازہ صورتحال سے آگاہ کیا۔خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف روزانہ کی بنیاد پر صورتحال کا خود جائزہ لے رہی ہیں۔ ان کی ہدایت پر مون سون کے ساتویں اسپیل سے متعلق تیاریوں کا جائزہ اجلاس بلایا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیوں کو تیز کردیا گیا ہے، ریلیف کیمپس قائم کر دیے گئے ہیں جبکہ آبادیوں کو متبادل محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا رہا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ پوٹھوہار ریجن میں شدید طوفانی بارشوں اور کلاؤڈ برسٹنگ کے حوالے سے الرٹ جاری کیا جا چکا ہے۔ صوبے بھر میں دریاؤں میں پانی کے بہاؤ کو مانیٹر کیا جا رہا ہے جبکہ کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے الرٹ کر دیا گیا ہے۔ راولپنڈی ریجن کیلئے اضافی ریسکیو اور ریلیف سامان فراہم کرنے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔اجلاس میں قائم مقام چیف سیکرٹری احمد رضا سرور نے کہا کہ دریاؤں کے پاٹ میں موجود آبادیوں کے انخلاء کو یقینی بنایا جا رہا ہے، جبکہ ریلیف کمشنر پنجاب نبیل جاوید نے دریاؤں کے اطراف دفعہ 144 کے نفاذ کی تصدیق کی۔ ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا نے کہا کہ ندی نالوں کے قریب رہنے والی آبادیوں کو خطرات سے آگاہ کیا جا رہا ہے اور مری و گلیات میں غیر ضروری سفر سے اجتناب کی اپیل کی گئی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ خستہ حال عمارتوں میں مقیم افراد کو بھی محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا رہا ہے، جبکہ ریسکیو، سول ڈیفنس اور متعلقہ ادارے فیلڈ میں مکمل طور پر متحرک ہیں تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال کا فوری طور پر مقابلہ کیا جا سکے۔











