لاہور، 20 اگست (اے پی پی): صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق کی زیر صدارت محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کئیر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن میں نواز شریف میڈیکل ڈسٹرکٹ کے حوالے سے اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس کے دوران نواز شریف میڈیکل ڈسٹرکٹ پراجیکٹ کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور سیکرٹری صحت عظمت محمود خان نے پراجیکٹ پر تازہ پیش رفت سے آگاہ کیا۔ صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن کے مطابق حکومت نے صحت کے شعبے میں اربوں روپے کے انقلابی اور تاریخی منصوبے لانچ کیے ہیں۔ نواز شریف میڈیکل ڈسٹرکٹ پراجیکٹ کے تحت لاہور میں چلڈرن ہسپتال 2 اینڈ انسٹی ٹیوٹ آف جنیٹک اینڈ بلڈ ڈیزیزز، انسٹی ٹیوٹ آف سرجیکل، آرتھوپیڈک اینڈ میڈیکل ری ہیبلی ٹیشن، سنٹر آف ایکسی لینس فار نرسنگ ایجوکیشن، سپیشلائزڈ میڈیکل ہسپتال، ایک ہزار بستروں پر مشتمل کارڈیک ہسپتال، میڈیکل یونیورسٹی اور جدید ترین ڈائیگناسٹک لیب قائم کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ آئی ڈیپ کو صحت کے تمام نئے پراجیکٹس پر تیزی سے کام شروع کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ حکومت پنجاب صوبے بھر میں عوام کی سہولت کی خاطر نئے سرکاری ہسپتالوں کا جال بچھا رہی ہے تاکہ عوام کو دہلیز پر بہترین طبی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی خواہش ہے کہ عوام کو علاج معالجے میں کسی بھی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ سیکرٹری محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کئیر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن عظمت محمود خان نے اجلاس میں کہا کہ متعلقہ افسران نواز شریف میڈیکل ڈسٹرکٹ پراجیکٹ کو مسلسل مانیٹر کر رہے ہیں تاکہ اس منصوبے کو بروقت پایہ تکمیل تک پہنچایا جا سکے۔
اجلاس میں سپیشل سیکرٹری ڈویلپمنٹ ذیشان شبیر رانا، سپیشل سیکرٹری آپریشنز طارق محمود رحمانی اور دیگر متعلقہ افسران شریک ہوئے جبکہ وڈیو لنک کے ذریعے وائس چانسلر یونیورسٹی آف چائلڈ ہیلتھ سائنسز پروفیسر مسعود صادق نے بھی شرکت کی۔











