وفاقی وزیر تجارت کی ڈھاکا چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر سے ملاقات، تجارتی تعلقات مضبوط بنانے پر اتفاق

15

ڈھاکا، 21 اگست ) اے پی پی): وفاقی وزیر برائے تجارت، جام کمال خان نے آج ڈھاکا چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (DCCI) کا دورہ کیا اور صدر تسکین احمد اور بورڈ ممبران سے ملاقات کی۔ ملاقات میں پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان تجارت اور سرمایہ کاری کو فروغ دینے کے مواقع پر تفصیلی بات چیت کی گئی۔ پاکستان کے ہائی کمشنر برائے بنگلہ دیش، عمران حیدر بھی اس موقع پر موجود تھے۔

وفاقی وزیر تجارت نے ڈھاکا چیمبر کے فیڈریشن آف پاکستان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری اور اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے ساتھ تعاون کو سراہا۔ انہوں نے بزنس ٹو بزنس نیٹ ورکنگ میں چیمبر کے کردار کی تعریف کی اور ایکسپورٹرز/امپورٹرز ڈیٹا بیس کی فراہمی پر شکریہ ادا کیا۔ جام کمال خان نے ڈھاکا چیمبر کو نومبر 2025 میں کراچی میں ہونے والی تیسری انٹرنیشنل فوڈ اینڈ ایگریکلچرل ایگزیبیشن (فوڈ ایگ) میں شرکت کی دعوت بھی دی۔

ملاقات میں قابل تجدید توانائی، دواسازی، آٹو پارٹس، فاسٹ موونگ کنزیومر گڈز (FMCG)، آئی ٹی، فیشن انڈسٹری اور نوجوانوں کی ترجیحات جیسے شعبوں میں تعاون پر گفتگو ہوئی۔

ڈھاکا چیمبر کے صدر تسکین احمد نے وزیر تجارت کو ادارے کی تاریخ اور کاروباری سہولتوں کے بارے میں آگاہ کیا۔ انہوں نے وفود کے تبادلوں، نمائشوں میں شرکت اور نالج شیئرنگ کے ذریعے دو طرفہ تجارت بڑھانے کی تجاویز دیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری اداروں (SMEs) کو جوڑنا دونوں ممالک کے لیے فائدہ مند ہوگا۔

مزید برآں، ٹیرف اور نان ٹیرف رکاوٹوں کے مسائل اور دونوں ممالک کے درمیان لاجسٹکس کو بہتر بنانے پر بھی بات چیت ہوئی۔ ملاقات کا اختتام اس عزم کے ساتھ ہوا کہ پاکستان اور بنگلہ دیش ایک سازگار ماحول پیدا کر کے دوطرفہ تجارتی تعلقات کو مزید فروغ دیں گے۔