ملتان 21 اگست(اے پی پی):چیئرمین ویسٹ مینجمنٹ کمپنی میاں راشد اقبال نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ ناقص کارکردگی پر ڈائیوو کمپنی کا معاہدہ دو تحصیلوں میں منسوخ کردیا گیا ہے۔انہوں نے بتایا کہ بورے والا اور میلسی میں ڈائیوو کمپنی کا اربوں روپے کا ٹھیکہ ختم کردیا گیا ہے۔ کمپنی کو پہلی وارننگ 26 مئی 2025 کو، دوسری وارننگ 10 جولائی کو دی گئی جبکہ کارکردگی بہتر نہ ہونے پر 9 اگست کو ڈیفالٹ نوٹس جاری کیا گیا تھا۔
چیئرمین ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے مطابق متعدد نوٹسز اور وارننگز کے باوجود ڈائیوو کی کارکردگی غیر تسلی بخش رہی، جس پر بورڈ نے دونوں تحصیلوں میں معاہدہ منسوخ کرنے کا فیصلہ کیا۔ اب ان علاقوں میں صفائی آپریشن براہِ راست ویسٹ مینجمنٹ کمپنی خود کرے گی۔
میاں راشد اقبال نے واضح کیا کہ “ستھرا پنجاب پروگرام” میں ناقص کارکردگی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔ دیگر کمپنیوں کو بھی شوکاز نوٹسز اور 15 دن کی ڈیڈ لائن دی گئی ہے تاکہ اپنی کارکردگی بہتر بنائیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ عوامی سہولت اور بہتر صفائی کے لیے نئے ٹھیکے کی تیاری کا عمل بھی شروع کر دیا گیا ہے تاکہ شہریوں کو معیاری صفائی کی سہولت میسر آ سکے۔











