پنجاب کے 7 اضلاع میں سیلابی صورتحال، وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر فوج طلب

9

لاہور،27 اگست (اے پی پی): ترجمان محکمہ داخلہ پنجاب کے مطابق صوبے کے مختلف دریاؤں میں پیدا ہونے والی سیلابی صورتحال کے پیش نظر وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر فوری امدادی اقدامات کیلئے اہم فیصلے کیے گئے ہیں۔ لاہور، قصور، سیالکوٹ، فیصل آباد، نارووال، اوکاڑہ اور سرگودھا میں ضلعی انتظامیہ کی امداد اور انسانی جانوں کے تحفظ کیلئے فوج طلب کر لی گئی ہے۔ ضلعی انتظامیہ، پی ڈی ایم اے، ریسکیو 1122، سول ڈیفنس اور پولیس پہلے ہی فرنٹ لائن پر اپنی ذمہ داریاں ادا کر رہے ہیں۔

ترجمان کے مطابق 7 اضلاع میں ضلعی انتظامیہ نے فوج کی فوری تعیناتی کی درخواست کی تھی، جس پر بروقت فیصلہ کرتے ہوئے محکمہ داخلہ پنجاب نے وفاقی وزارت داخلہ کو باضابطہ مراسلہ ارسال کر دیا ہے۔ ریسکیو اور امدادی سرگرمیوں کیلئے طلب کیے جانے والے فوجی دستوں کی تعداد ضلعی انتظامیہ کی مشاورت سے طے کی جائے گی، جبکہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں ضرورت کے مطابق آرمی ایوی ایشن اور دیگر وسائل بھی فراہم کیے جائیں گے۔ ترجمان محکمہ داخلہ نے کہا کہ حکومت پنجاب کے تمام متعلقہ ادارے سیلابی صورتحال کو 24/7 مانیٹر کر رہے ہیں اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے ہر ممکن اقدامات بروقت اٹھائے جا رہے ہیں۔