لاہور/چنیوٹ 29 اگست (اے پی پی): وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر صوبائی کابینہ سیلاب متاثرہ اضلاع میں متحرک ہے۔ صوبائی وزیر صحت و چیئرمین کابینہ کمیٹی برائے ڈیزاسٹر مینجمنٹ، خواجہ سلمان رفیق نے چنیوٹ کا دورہ کیا اور دریائے چناب کے پل ٹی ڈی سی پی پر سیلابی صورتحال کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر صفی اللہ گوندل بھی ان کے ہمراہ تھے۔ خواجہ سلمان رفیق نے بتایا کہ اس وقت دریائے چناب میں ساڑھے آٹھ لاکھ کیوسک پانی کا ریلا گزر رہا ہے، تاہم ضلعی انتظامیہ کی شب و روز کوششوں سے دریا کی پٹی پر مقیم تمام افراد کو بحفاظت محفوظ مقام پر منتقل کردیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کی جان و مال کا تحفظ حکومت پنجاب کی اولین ترجیح ہے۔ سیلاب متاثرین کے لئے فلڈ ریلیف کیمپس قائم کیے گئے ہیں جہاں متاثرہ افراد کو کھانا، بستر اور دیگر بنیادی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ مویشیوں کے لئے چارہ بھی وافر مقدار میں موجود ہے جبکہ متاثرین کو مالی امداد بھی فراہم کی جائے گی۔ خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر مختلف اضلاع میں سیلابی صورتحال کا مسلسل جائزہ لیا جا رہا ہے اور بروقت اقدامات کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ریسکیو 1122 کا عملہ دن رات جانفشانی سے خدمات انجام دے رہا ہے، جبکہ سیلاب سے متاثرہ سڑکوں اور پلوں کی بحالی کے لیے بھی ہدایات جاری کردی گئی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ دریائے ستلج، دریائے راوی اور دریائے چناب کے پانی کے بہاؤ کو چوبیس گھنٹے مانیٹر کیا جا رہا ہے۔ ہسپتالوں کو بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے الرٹ کر دیا گیا ہے۔ خواجہ سلمان رفیق نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ حکومت پنجاب مشکل وقت میں اپنی عوام کے ساتھ کھڑی ہے اور شہریوں کے تحفظ کی خاطر تمام تر وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔











