لاہور 31 اگست (اے پی پی): گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان کی زیر صدارت ریڈ کریسنٹ پنجاب کا سالانہ اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں میاں محمد حنیف کو پاکستان ریڈ کریسنٹ پنجاب کا چیئرمین منتخب کیا گیا جبکہ 15 نئے ارکان مینیجنگ کمیٹی کے لیے منتخب ہوئے۔ گورنر پنجاب نے نومنتخب چیئرمین اور ارکان سے حلف بھی لیا۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے گورنر پنجاب نے کہا کہ ریڈ کریسنٹ پنجاب صوبے میں سیلاب زدگان کی بحالی میں نمایاں کردار ادا کر رہی ہے۔ سیلاب زدہ علاقوں میں ریلیف اور میڈیکل کیمپس لگائے جا رہے ہیں جبکہ روزانہ کی بنیاد پر متاثرہ خاندانوں کو راشن، فوڈ پارسل اور طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔
گورنر پنجاب نے کہا کہ حالیہ بارشوں اور سیلاب نے صوبے میں شدید نقصان پہنچایا ہے، لوگوں کے گھر، مال مویشی اور قیمتی سامان پانی میں بہہ گئے، کئی کئی فٹ پانی گھروں میں داخل ہونے سے ہزاروں خاندان بے گھر ہو گئے ہیں۔
اجلاس میں ریڈ کریسنٹ کی سالانہ کارکردگی رپورٹ بھی پیش کی گئی اور نمایاں خدمات پر ایوارڈز تقسیم کیے گئے۔ گورنر پنجاب نے تنظیم کی فلاحی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ ریڈ کریسنٹ مشکل گھڑی میں عوام کے ساتھ کھڑی ہے۔
اس موقع پر نومنتخب چیئرمین میاں محمد حنیف نے گورنر پنجاب کو یادگاری سووینئر بھی پیش کیا۔a