لاہور، 4 ستمبر (اے پی پی): سٹاف ویلفیئر آرگنائزیشن کے زیر اہتمام حضرت محمد ﷺ کی ولادت باسعادت کے حوالے سے سالانہ محفل میلاد مصطفیٰ ﷺ اے جی پی آر میں منعقد ہو ئی ۔اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل اے جی پی آر مرزا سرفراز بیگ، افسران وملازمین کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ محفل میں تلاوت کلام پاک حافظ و قاری محمد اویس اصغر جبکہ نعت رسول مقبول ﷺ کی سعادت نامور نعت خواں محمد شہزاد حنیف مدنی نے حاصل کی۔ محفل کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے علامہ محمود مسعود قادری نے کہا کہ مسلمانوں کیلئے کامیاب زندگی حضورﷺ کے بتائے ہوئے راستوں میں چھپی ہے لہذا امت مسلمہ کو نبی کریمﷺ کی سیرت کو اپنا رہنما بنانا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ مسلمانوں کے ایمان کا مرکز حضور ﷺ کی ذات مبارکہ ہے، حضور ﷺ کی تعلیمات ہمیں امن، محبت، برداشت، عزتِ انسانیت اور خیر خواہی کا پیغام دیتی ہیں۔ ڈی جی اکائونٹنٹ جنرل پنجاب ریونیو نے کہا کہ حضرت محمد مصطفیٰﷺ کی سیرت طیبہ ہمارے لیے مشعل راہ ہے،آج کے اس نازک دور میں کامیابی کا واحد راستہ اور زینہ اطاعت رسول ﷺ میں ہے۔انہوں نے محفل کے شرکاء کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ حضورﷺ کی ولادت کو منانے اور ذکر رسول ﷺ کیلئے محفل کا انعقاد کرنا ہمارے لئے باعث سعادت ہے ۔محفل کے اختتام پر درود و سلام اور امتِ مسلمہ کی سلامتی، پاکستان کی ترقی اور نوجوان نسل کی ہدایت کیلئے دعائیں کی گئیں۔آخر میں محفل کے شرکاء میں لنگر تقسیم کیا گیا۔











