لاہور، 05 ستمبر (اے پی پی): صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق کی زیر صدارت محکمہ اسپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن میں ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں سپیشل سیکرٹری آپریشنز طارق محمود رحمانی، ایڈیشنل سیکرٹری امیر محمد، ڈپٹی سیکرٹری سارہ لونی اور سی ای او پنجاب ہیلتھ انیشی ایٹو مینجمنٹ کمپنی ڈاکٹر علی رزاق سمیت دیگر افسران شریک ہوئے۔ اجلاس کے دوران وزیراعلیٰ پنجاب کے ہیلتھ اقدامات کے تحت شروع کیے گئے تین بڑے پروگرامز — چیف منسٹرز چلڈرن ہارٹ سرجری پروگرام، چیف منسٹرز ڈائیلسز پروگرام اور چیف منسٹرز اسپیشل انیشی ایٹو فار ٹرانسپلانٹ پروگرام — کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس کو ان پروگرامز کے مانیٹرنگ فریم ورک، سروس ڈلیوری اور مریضوں کی سہولت کے لیے اٹھائے گئے اقدامات پر بریفنگ دی گئی۔ اس موقع پر عوامی رائے پر مبنی رپورٹس بھی پیش کی گئیں۔ خواجہ سلمان رفیق نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایم پینلڈ ہسپتالوں میں مریضوں کو زیادہ سے زیادہ سہولتیں فراہم کی جائیں اور ان کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے۔ انہوں نے بتایا کہ چلڈرن ہارٹ سرجری پروگرام کے تحت اب تک 6,400 سے زائد بچوں کی اربوں روپے کی لاگت سے بالکل مفت دل کی سرجریز کی جاچکی ہیں، جن میں پنجاب کے ساتھ ساتھ خیبر پختونخوا، آزاد کشمیر، اسلام آباد، بلوچستان، گلگت بلتستان اور سندھ کے بچے بھی شامل ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعلیٰ کے اسپیشل انیشی ایٹو فار ٹرانسپلانٹ پروگرام کے تحت 277 رینل ٹرانسپلانٹس، 171 کوکلیئر، 83 لیور، 13 بون میرو اور 3 کارنیئل ٹرانسپلانٹس بالکل مفت کیے گئے ہیں۔ اسی طرح ڈائیلسز پروگرام کے تحت 215 ہسپتالوں میں اب تک 7 لاکھ سے زائد مریضوں کو مفت ڈائیلسز کی سہولت فراہم کی جا چکی ہے جبکہ 25 ہزار سے زائد مریض رجسٹرڈ ہوچکے ہیں۔ وزیر صحت نے کہا کہ ان فلیگ شپ پروگرامز میں شفافیت اور اعلیٰ معیار کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔ پنجاب کے عوام کو صحت کی بہترین سہولتیں فراہم کرنے کے لیے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔









