لاہور، 05 ستمبر (اے پی پی): پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ (پی آئی ٹی بی) اور پاکستان سکھ گوردوارہ پربندھک کمیٹی (پی ایس جی پی سی) کے اشتراک سے ایک اہم معاہدے پر دستخط کیے گئے ہیں، جس کے تحت نئی ویب سائٹ گیٹ وے متعارف کرائی جائے گی۔ معاہدے پر پردھان پی ایس جی پی سی سردار رمیش سنگھ اروڑہ نے دستخط کیے۔ اس موقع پر رمیش سنگھ اروڑہ نے کہا کہ ویب سائٹ کے جلد آغاز کے لیے ایک روڈ میپ تشکیل دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ دنیا بھر کی سکھ کمیونٹی پاکستان سے گہری وابستگی رکھتی ہے اور نئی ویب سائٹ یاتریوں کو ڈیجیٹل سہولت فراہم کرے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ ویب سائٹ کے ذریعے دنیا بھر سے فلڈ ریلیف فنڈز میں آن لائن امداد بھجوائی جا سکے گی، گوردواروں کی تعمیر و بحالی اور مذہبی رسومات کی ادائیگی کے لیے فنڈز بھیجنا آسان ہوگا جبکہ آن لائن ممبرشپ میں بھی نمایاں اضافہ متوقع ہے۔ رمیش سنگھ اروڑہ نے کہا کہ ویب سائٹ سکھ یاتریوں اور دنیا بھر کے اسٹیک ہولڈرز کو باآسانی رسائی دے گی اور عالمی سطح پر شفافیت اور بہتر روابط فراہم کرے گی۔ انہوں نے پی آئی ٹی بی کے جدید ٹیکنالوجی اقدامات کو بھی سراہا۔











