اسلام آباد،9ستمبر(اے پی پی):وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان نے کہا ہے کہ پاکستان اور ترکیہ کے درمیان تجارتی و معاشی تعلقات کو نئی جہت دینے کے لیے مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دیا جا رہا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے 16ویں پاک۔ترکیہ مشترکہ وزارتی کمیشن کے اجلاس کے بعد ترک وزیر دفاع یاشار گولر کے ہمراہ میڈیا بریفنگ کے دوران کیا۔اس موقع پر جام کمال خان کا کہنا تھا کہ اجلاس میں دونوں ممالک کے درمیان تعلیم، صحت، سرمایہ کاری، آئی سی ٹی، لاجسٹکس، زراعت، توانائی اور دفاع سمیت کئی شعبوں میں تعاون کے فروغ پر اتفاق کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان ذاتی طور پر ان پروٹوکولز کی نگرانی کر رہے ہیں تاکہ معاہدوں پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جا سکے۔ ان کے مطابق آئندہ اجلاس، یعنی 17ویں مشترکہ وزارتی کمیشن کا انعقاد انقرہ میں کیا جائے گا جس میں فالو اپ پیش رفت کا جائزہ لیا جائے گا۔وزیر تجارت نے مزید کہا کہ حالیہ مہینوں میں دونوں ممالک کے درمیان بی ٹو بی سطح پر کمپنیوں کے مابین روابط قائم ہوئے ہیں، متعدد مفاہمتی یادداشتوں کو عملی معاہدوں میں ڈھالا جا رہا ہے جبکہ توانائی، کان کنی، شپ بریکنگ اور زرعی ویلیو ایڈیشن جیسے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر بھی بات ہوئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اور ترکیہ کے درمیان تجارتی حجم میں اضافے کی گنجائش موجود ہے اور مشترکہ کاوشوں کے ذریعے باہمی تعلقات کو مزید مستحکم بنایا جا سکتا ہے۔











