ملتان 10 ستمبر (اے پی پی):ضلع ملتان کی تحصیلوں جلال پور پیر والا، شجاع آباد اور ملتان میں دن رات نقل مکانی آپریشن بغیر کسی وقفے کے جاری ہے، جہاں متعدد ریسکیو بوٹس حصہ لے رہی ہیں۔ ریسکیو 1122 کے مطابق آپریشن کی براہ راست نگرانی ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ڈاکٹر حسین میاں خود کر رہے ہیں۔ترجمان ریسکیو کے مطابق آج کے دن کے دوران تحصیل جلال پور پیر والا سے 4463 افراد اور 260 جانور، تحصیل شجاع آباد سے 432 افراد اور 146 جانور جبکہ تحصیل ملتان سے 497 افراد اور 363 جانور محفوظ مقامات پر منتقل کیے گئے۔
ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر نے بتایا کہ یومیہ کارکردگی کے مطابق آج ابھی تک تینوں تحصیلوں سے مجموعی طور پر 5392 افراد اور 769 جانور محفوظ مقامات پر منتقل ہوئے ہیں۔ریسکیو 1122 کے اعداد و شمار کے مطابق سیلابی صورتحال کے آغاز سے اب تک ضلع ملتان میں کل 21 ہزار 326 افراد اور 5154 جانوروں کو بحفاظت منتقل کیا جا چکا ہے۔ڈاکٹر حسین میاں کا کہنا ہے کہ دیگر اضلاع سے مزید بوٹس آنے کے باعث امدادی کارروائیوں میں مزید تیزی آئی ہے، جبکہ ریسکیو 1122 شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے دن رات سرگرم عمل ہے۔











