پنجاب کے تمام اضلاع میں الیکٹرک بسیں چلانے کے منصوبے میں بڑی پیشرفت

24

لاہور، 10 ستمبر (اے پی بی): وزیر ٹرانسپورٹ اینڈ ماس ٹرانزٹ بلال اکبر خان اور وزیر قانون و تعمیرات ملک صہیب احمد برتھ کی زیر صدارت اہم اجلاس ہوا، جس میں پنجاب کے تمام اضلاع میں جدید الیکٹرک بسیں چلانے کے منصوبے پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں محکمہ ٹرانسپورٹ اینڈ ماس ٹرانزٹ سمیت متعلقہ محکموں کے حکام نے آن لائن شرکت کی، جبکہ سی ای او پنجاب ٹرانسپورٹ کمپنی کوثر خان نے منصوبے پر تفصیلی بریفنگ دی۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ 1100 ایکو فرینڈلی الیکٹرک بسوں کے منصوبے پر عمل درآمد جاری ہے اور میانوالی و سرگودھا سمیت مختلف اضلاع میں بس سروس کے آغاز کے لئے اقدامات تیز کر دیے گئے ہیں۔ وزیر ٹرانسپورٹ بلال اکبر خان نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کے وژن کے مطابق لاہور کے بعد دیگر اضلاع میں بھی چند روز میں الیکٹرک بس سروس کا باقاعدہ آغاز کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ آئندہ چند ہفتوں تک صوبے کے تمام اضلاع کی سڑکوں پر 1100 الیکٹرک بسیں رواں دواں ہوں گی، جس سے عوام کو سستی اور معیاری سفری سہولیات دستیاب ہوں گی۔ وزیر قانون و تعمیرات ملک صہیب احمد برتھ نے کہا کہ صوبے کے عوام کو لاہور کی طرز پر جدید ترین ٹرانسپورٹ سسٹم فراہم کرنے کے لئے حکومت پرعزم ہے اور الیکٹرک بس منصوبہ اس وژن کی عملی تکمیل ہے۔