دیوان گروپ کے وفد کی صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین سے ملاقات، پنجاب میں الیکٹرک وہیکلز کا اسیمبلنگ پلانٹ لگانے میں دلچسپی کا اظہار

13

لاہور، 11 ستمبر (اے پی پی): صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین سے دیوان گروپ کے سی ای او وسیم الحق کی قیادت میں ایک اعلیٰ سطحی وفد نے پسیک ہاؤس میں ملاقات کی۔ ملاقات میں پنجاب کے سپیشل اکنامک زونز میں سرمایہ کاری کے مواقع پر تفصیلی بات چیت ہوئی۔ دیوان گروپ نے پنجاب میں الیکٹرک وہیکلز کا اسیمبلنگ پلانٹ لگانے کا عندیہ دیا۔ سی ای او وسیم الحق نے کہا کہ ہمارا گروپ کراچی میں مختلف اقسام کی گاڑیاں تیار کر رہا ہے اور اب پنجاب میں بھی صنعتی یونٹ لگانے کا خواہاں ہے۔ صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کا فوکس صوبے میں ای وی سیکٹر کو فروغ دینا ہے، اور متعدد غیر ملکی کمپنیاں پنجاب میں تیزی سے کارخانے قائم کر رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کوشش ہے کہ یہاں الیکٹرک وہیکلز کے اسمبلنگ اور مینوفیکچرنگ پلانٹس لگیں تاکہ مقامی سطح پر پیداوار بڑھائی جا سکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ الیکٹرک گاڑیاں موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات سے بچنے اور ماحولیاتی آلودگی پر قابو پانے میں اہم کردار ادا کرسکتی ہیں۔ دیوان گروپ پنجاب کے کسی بھی سپیشل اکنامک زون میں الیکٹرک وہیکلز پلانٹ لگا سکتا ہے اور اس مقصد کے لیے 30 سالہ لیز پر قابل توسیع اراضی فراہم کی جا سکتی ہے۔ صوبائی وزیر نے دیوان گروپ کو ہر ممکن سہولت فراہم کرنے کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ چاہتے ہیں پنجاب میں ای وی چارجنگ کے اسیمبلنگ پلانٹس بھی لگیں۔ اس موقع پر انہوں نے دیوان گروپ کی تیار کردہ گاڑیوں کا مشاہدہ کیا اور خود ڈرائیو کرکے ان کا جائزہ بھی لیا۔ ملاقات میں پنجاب سرمایہ کاری بورڈ کے ڈائریکٹر ڈاکٹر عمران ہاشمی، دیوان گروپ کے ڈائریکٹرز، سیلز مینجر، سروس مینجر اور دیگر حکام بھی شریک تھے۔