ملتان ،سیلاب متاثرین کا انخلاء تیزی سے جاری ، متاثرین کو خشک راشن پہنچانے کیلئے ڈرون ٹیکنالوجی کا استعمال کیا جا رہا ہے،ڈی سی وسیم حامد سندھو

13

جلالپور پیر والا 11 ستمبر (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر وسیم حامد سندھو نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر سیلاب متاثرین کا انخلاء تیزی سے جاری ہے اس سلسلے میں متاثرین کو خشک راشن پہنچانے کیلئے ڈرون ٹیکنالوجی کا استعمال کیا جارہا ہے انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ نے سیلاب میں گھرے متاثرین تک خشک راشن پہنچانے کا آغاز کردیا ہے اس حوالے سے جدید ڈرونز کے ذریعے راشن اور اشیاء ضروریہ متاثرین تک پہنچانے سے کئی زندگیاں محفوط بنائی گئی ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز جلالپور پیر والہ بستی عنایت پور میں فلڈ پر امدادی کارروائیوں کی نگرانی کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہا کہ جلالپور پیر والہ میں سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب زیب کی جانب سے فلڈ بند کے اوپر نگرانی کیمپ قائم کردیا گیا ہے۔سنئیر صوبائی وزیر  اپنی نگرانی میں کشتیوں کے ذریعے شہریوں کا انخلاء یقینی بنا رہی ہیں وسیم حامد سندھو نے کہا کہ صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق ،کمشنر عامر کریم خاں اور صوبائی وزیر تعلیم رانا سکندر حیات بھی امدادی کارروائیوں کی نگرانی کررہے ہیں، ضلعی انتظامیہ کی جانب سے انکو مکمل بریفنگ دی جارہی ہے۔وسیم حامد سندھو نے کہا کہ پانی میں پھنسے بیشتر شہریوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کردیا گیا ہے اس سلسلے میں ڈرون ٹیکنالوجی کے ذریعے دور دراز کے علاقوں میں خشک راشن پہنچایا جارہاہے۔وسیم حامد سندھو کا کہنا تھا کہ تھرمل ڈرون ٹیکنالوجی کے ذریعے پھسنے افراد کی نشان دہی بھی کی جارہی ہے۔