اسلام آباد، 11 ستمبر (اے پی پی(:اقوامِ متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب سفیر عاصم افتخار احمد نے سلامتی کونسل کے قطر پر ہونے والے اجلاس کے دوران اسرائیلی نمائندے کے ریمارکس کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایک قابض اور جارح ملک اس ایوان کا غلط استعمال کر رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اسرائیل اقوامِ متحدہ کے چارٹر اور بین الاقوامی قوانین کی مسلسل خلاف ورزی کرتا ہے، انسانی حقوق کی تنظیموں، عالمی عدالت انصاف اور حتیٰ کہ اقوام متحدہ کے عہدیداروں کو بھی دھمکاتا ہے۔ اس کے باوجود خود کو مظلوم ظاہر کرنا دراصل ایک ڈھونگ ہے جو اب سب کے سامنے بے نقاب ہو چکا ہے۔
پاکستانی مندوب نے کہا کہ مشرقِ وسطیٰ اور مسئلۂ فلسطین پر دہائیوں سے جاری بحثوں کی اصل وجہ اسرائیل کا غیر قانونی قبضہ اور سلامتی کونسل کی قراردادوں کی کھلی خلاف ورزی ہے۔











