اسلام آباد۔12ستمبر (اے پی پی): وفاقی وزیر برائے اقتصادی امور و اسٹیبلشمنٹ ڈویژن، احد چیمہ کی زیر صدارت جمعہ کو یہاں “آسان خدمت مرکز” کے قیام کے حوالے سے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں وزارت آئی ٹی، سی ڈی اے، نادرا، اسلام آباد پولیس اور دیگر متعلقہ اداروں کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی اور منصوبے کے مختلف پہلوؤں پر تفصیلی بریفنگ دی۔احد چیمہ نے اس عزم کا اظہار کیا کہ اسلام آباد میں پہلا “آسان خدمت مرکز” جلد از جلد افتتاح کیا جائے گا تاکہ پاکستان میں عوامی خدمات کی فراہمی کے نظام میں انقلابی تبدیلی لائی جا سکے۔ یہ اقدام پاکستان اور آذربائیجان کے درمیان حال ہی میں طے پانے والے مفاہمتی یادداشت کے بعد اٹھایا جا رہا ہے، جس کے تحت آذربائیجان کے کامیاب شہری دوست ماڈل کو اپنایا جائے گا۔
وفاقی وزیر احد چیمہ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم کی واضح ہدایات کے مطابق آذربائیجان کے کامیاب ماڈل پر مبنی پہلا “آسان خدمت مرکز” اسلام آباد میں قائم کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پوری کوشش کی جائے گی کہ آئندہ 90 روز کے اندر اس مرکز کا باقاعدہ افتتاح کیا جا سکے۔انہوں نے بتایا کہ “آسان خدمت مرکز” میں شہریوں کو پیدائش سے لے کر وفات تک کی 100 سے زائد سرکاری خدمات ایک ہی چھت کے نیچے فراہم کی جائیں گی۔ ان خدمات میں ایف بی آر، سی ڈی اے، اسلام آباد پولیس، ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن، امیگریشن و پاسپورٹ، نادرا، ڈپٹی کمشنر آفس سمیت 10 سے زائد محکموں کی سہولیات شامل ہوں گے۔ وفاقی وزیر نے متعلقہ اداروں کو ہدایت دی کہ وزارتِ خارجہ کی خدمات، بالخصوص دستاویزات کی تصدیق کو بھی مرکز میں شامل کیا جائے تاکہ عوام کو زیادہ سے زیادہ سہولت میسر آ سکے۔ انہوں نے کہا کہ آذربائیجان کی حکومت اس منصوبے میں پاکستان کو مکمل تکنیکی معاونت فراہم کرے گی۔احد چیمہ نے مزید کہا کہ اسلام آباد میں پی ڈبلیو ڈی کی عمارت میں “آسان خدمت مرکز” کے قیام کی تجویز زیر غور ہے۔ اس سلسلے میں تمام متعلقہ محکموں کو ہدایت دی گئی ہے کہ آئندہ ہفتے تک اپنی حتمی تجاویز پیش کریں تاکہ منصوبے پر فوری طور پر عملدرآمد شروع کیا جا سکے۔وفاقی وزیر نے واضح کیا کہ وزیراعظم کی ہدایات کے مطابق اس منصوبے میں کسی قسم کی تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی اور اسے مقررہ وقت پر مکمل کیا جائے گا ۔انہوں نے کہا کہ آسان خدمت مرکز ایک “ون اسٹاپ سہولت” کے طور پر کام کرے گا، جہاں شہریوں کو پیدائش سے لے کر وفات تک کے 100 سے زائد اہم سرکاری خدمات فراہم کی جائیں گی۔ ان خدمات میں اسلام آباد پولیس، نادرا، سی ڈی اے، ڈریپ، ایف بی آئی ایس ای، نیشنل ہائی وے اینڈ موٹروے پولیس، ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن، ایس این جی پی ایل، امیگریشن و پاسپورٹ ڈپارٹمنٹ، ایف بی آر، آئیسکو اور ڈپٹی کمشنر آفس کی سہولیات شامل ہوں گی۔ احد چیمہ نے وزارت خارجہ کی خدمات مثلاً دستاویزات کی توثیق کو بھی مرکز میں شامل کرنے کی ہدایت دی تاکہ عوام کو زیادہ سے زیادہ سہولت فراہم کی جا سکے۔اجلاس کے دوران احد چیمہ نے تمام متعلقہ اداروں کو ایک ہفتے کے اندر حتمی سفارشات جمع کرانے کی ہدایت دی تاکہ منصوبے پر تیزی سے عملدرآمد یقینی بنایا جا سکے۔ انہوں نے عالمی بہترین تجربات سے استفادہ کرنے اور آذربائیجان کی تکنیکی معاونت حاصل کرنے پر بھی زور دیا۔ منصوبے کے لیے پروکیورمنٹ پلان کی تیاری کی ذمہ داری سی ڈی اے اور وزارت آئی ٹی کو سونپی گئی ہے۔احد چیمہ نے کہا کہ “آسان خدمت مرکز پاکستان میں عوامی خدمات کی فراہمی کے طریقہ کار کو یکسر بدل دے گا اور شہریوں کو تیز تر اور سہل انداز میں سہولیات فراہم کرے گا۔ ہم اپنی گورننس فریم ورک میں عالمی معیار لانے کے لیے پرعزم ہیں۔یہ مرکز ایک سنگ میل ثابت ہوگا جو ایک ہی چھت کے نیچے عوام کو تمام ضروری سہولیات فراہم کرتے ہوئے عوامی خدمات کے نظام کو مزید شفاف، مؤثر اور سہل بنائے گا۔











