صدر آصف علی زرداری کا چین میں ہائی اسپیڈ ٹرین کے ذریعے سفر ، چینی ترقی کو سراہا

13

 

‎چینگڈو ، 14 ستمبر ( اے پی پی):   صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے چین کے جدید ہائی اسپیڈ ریل سسٹم کا تجربہ کرتے ہوئے چینگڈو سے میان یانگ تک کا سفر جدید ترین برقی ٹرین کے ذریعے مکمل کیا۔ یہ سفر صرف نصف گھنٹے میں مکمل ہوا، جو دونوں شہروں کے درمیان تیز رفتار سفری سہولیات کا مظہر ہے۔

‎اس موقع پر صدر مملکت کو ہائی اسپیڈ ٹرین کے آپریشن، سروس، سیفٹی اور زلزلہ وارننگ سسٹم پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ صدر زرداری نے آلودگی سے پاک، الیکٹرک ٹرین اور زلزلہ وارننگ سسٹم کو “انجینئرنگ کا شاہکار” قرار دیتے ہوئے چین کی تکنیکی جدت کو سراہا۔ اُن کا کہنا تھا کہ چین کی جدت پسندی پاکستان سمیت دیگر ملکوں کے لئے سبق آموز ہے۔

‎چین کے پاس دنیا کا سب سے بڑا ہائی اسپیڈ ریل نیٹ ورک موجود ہے، جو 45 ہزار کلومیٹر طویل ہے اور ہر سال دو ارب سے زائد مسافروں کو خدمات فراہم کرتا ہے۔ چینی ٹرینیں 350 کلومیٹر فی گھنٹہ تک کی رفتار سے چلنے کی صلاحیت رکھتی ہیں، جو جدید کنیکٹیویٹی اور معیاری انفرااسٹرکچر کی علامت ہے۔میان یانگ پہنچنے پر نائب میئر وُو ہاؤ نے صدر پاکستان کا پرتپاک استقبال کیا۔