جلالپور پیر والہ: شہری بستیوں کو بچانے کیلئے ضلعی انتظامیہ سرگرم عمل

10

جلالپور پیر والہ ،16ستمبر(اے پی پی) ضلعی انتظامیہ جلالپور پیر والہ شہری آبادیوں کو سیلابی پانی سے محفوظ بنانے کیلئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کر رہی ہے۔ گیلانی روڈ اور شجاع آباد روڈ پر بندوں کو مزید اونچا کرنے کا عمل تیزی سے جاری ہے جبکہ بھاری مشینری کے ذریعے شجاع آباد روڈ پر پڑنے والے نئے شگاف کو فوری طور پر پُر کر دیا گیا۔

ڈپٹی کمشنر وسیم حامد سندھو نے علی پور، خان بیلہ اور دیگر ملحقہ بندوں کا ٹیکنیکل ٹیم کے ہمراہ دورہ کیا اور فلڈ بند کی اپ گریڈیشن و مرمت کے کام کا تفصیلی جائزہ لیا۔ انہوں نے اس موقع پر بتایا کہ ستلج کے پانی کے پھیلاؤ کو روکنے کیلئے عارضی بند بنانے کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

ڈپٹی کمشنر نے مزید کہا کہ دریائے چناب کی سطح کم ہونے کے باعث ستلج کا پانی جلالپور پیر والہ کا رخ کر رہا ہے، جس پر قابو پانے کیلئے ضلعی انتظامیہ مسلسل اقدامات کر رہی ہے۔ جلالپور انٹرچینج اور قریبی علاقوں میں پانی کے اخراج کے انتظامات بھی تیز کر دیے گئے ہیں جبکہ گنڈا سنگھ کے مقام پر پانی کے اخراج میں اضافے پر کڑی نظر رکھی جا رہی ہے۔متاثرہ عوام کی سہولت کیلئے ضلعی انتظامیہ کی جانب سے اضافی فلڈ ریلیف کیمپس بھی قائم کر دیے گئے ہیں تاکہ متاثرین کو فوری امداد اور سہولیات فراہم کی جا سکیں۔