لاہور، 17 ستمبر (اے پی پی): وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے اسمارٹ سٹی ویژن کے تحت واسا لاہور نے ملک کی تاریخ میں پہلی بار جدید ڈیجیٹل رین گیجز نصب کر دیے ہیں۔ یہ منصوبہ واسا لاہور اور معروف ٹیلی کمیونیکیشن کمپنی جاز کے اشتراک سے مکمل کیا گیا۔ تقریب میں صوبائی وزیر ہاؤسنگ اینڈ اربن ڈویلپمنٹ بلال یاسین نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی جبکہ وائس چیئرمین واسا چوہدری شہباز احمد، ڈی جی واسا طیب فرید، جاز اور ڈائناسز نیٹ ورک کے افسران بھی موجود تھے۔ ڈائریکٹر واسا مدثر جاوید نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ لاہور کے 16 مقامات پر تین جدید رین گیجز لوراوین نیٹ ورک پر نصب کیے گئے ہیں، جن سے بارش کے پانی کا ریئل ٹائم ڈیٹا واسا کے مرکزی رین ڈیش بورڈ سے منسلک ہوگا۔ بریفنگ میں کہا گیا کہ واسا لاہور نے اپنا لوراوین نیٹ ورک انسٹال کر کے عملی مظاہرہ بھی پیش کیا ہے، جس کے ذریعے زیادہ کوریج، توانائی کی بچت، کم لاگت، درستگی اور اسکیل اپ گریڈیشن ممکن ہوگی۔ صوبائی وزیر بلال یاسین نے کہا کہ یہ منصوبہ پاکستان میں ڈیجیٹل واٹر مینجمنٹ کے ایک نئے دور کا آغاز ہے۔ پائلٹ پراجیکٹ کی کامیابی کے بعد پنجاب کے دیگر شہروں میں بھی واسا کو جدید خطوط پر استوار کیا جائے گا۔ ایم ڈی واسا لاہور غفران احمد کے مطابق مستقبل میں واٹر میٹرنگ منصوبے میں بھی یہی ٹیکنالوجی استعمال کی جائے گی، جو پانی کی ریئل ٹائم ریڈنگ اور کنٹرولنگ میں معاون ثابت ہوگی۔











