اسلام آباد، 19 ستمبر(اے پی پی): فیڈرل اردو یونیورسٹی اسلام آباد میں سمسٹر خزاں 2025 کا آغاز اورنٹیشن کی شاندار تقریب کے ساتھ ہو گیا۔ مرکزی تقریب جامعہ کے آڈیٹوریم میں منعقد ہوئی جس میں اساتذہ کے ساتھ ساتھ نئے داخلے لینے والے طلبہ و طالبات اور ان کے والدین کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔
انچارج کیمپس ڈاکٹر صبا بشیر اور ڈائریکٹر ایڈمیشن ڈاکٹر احمد رضا نے طلبہ کا پُرجوش استقبال کیا۔ ڈاکٹر صبا بشیر نے کہا کہ یونیورسٹی میں انتہائی ہائی کولیفائیڈ اور ہنرمند اساتذہ موجود ہیں جو طلبہ کو عصرِ حاضر کے تقاضوں کے مطابق گروم کر کے بھیجتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہاں آنے والا ہر طالب علم قوم کی امانت ہے اور انہیں حقیقی معنوں میں خدمتِ وطن کے قابل بنایا جائے گا۔
ڈاکٹر احمد رضا نے کہا کہ بعض شعبہ جات میں داخلوں کے لیے سخت مقابلہ تھا اور جن طلبہ کو ایڈمیشن ملا ہے وہ خوش قسمت ہیں۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ یونیورسٹی میں طلبہ کو کسی انتظامی مسئلے کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا، فیکلٹی ممبران ایک وژن کے ساتھ ان کی تعلیمی اور پروفیشنل تربیت کرتے ہیں۔
بعد ازاں مختلف ڈیپارٹمنٹس کے اورنٹیشن سیشنز منعقد ہوئے جن میں کمپیوٹر سائنس، سافٹ ویئر انجینئرنگ، بزنس ایڈمنسٹریشن، انگلش اور اکنامکس شامل تھے۔ ہیڈ آف ڈیپارٹمنٹس اور اساتذہ نے طلبہ کو تعلیمی کیریئر کے حوالے سے رہنمائی دی اور سمسٹر کے کورسز اور اوقاتِ کار سے آگاہ کیا۔











