لاہور، 19 ستمبر (اے پی پی): وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایت پر صوبے کی ویسٹ مینجمنٹ کمپنیوں کی کارکردگی کی بنیاد پر رینکنگ کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا۔ اس حوالے سے ایس او پیز جاری کر دی گئی ہیں تاکہ ہر کمپنی کی کارکردگی شفاف اور معیاری انداز میں پرکھی جا سکے۔ وزیر بلدیات ذیشان رفیق کی زیر صدارت اجلاس منعقد ہوا جس میں تمام ویسٹ مینجمنٹ کمپنیوں کے سی ای اوز نے شرکت کی۔ اجلاس میں سیکرٹری بلدیات شکیل احمد میاں اور فوکل پرسن ستھرا پنجاب عاصم محمود بھی شریک ہوئے۔ وزیر بلدیات ذیشان رفیق نے اجلاس میں کمپنیوں کے آپریشنز اور اہداف کا تفصیلی جائزہ لیا۔ انہوں نے کہا کہ ستھرا پنجاب کی کامیابی کا سہرا ویسٹ مینجمنٹ کمپنیوں کے سر ہے اور خطے کے بہترین منصوبے کے سو فیصد اہداف کا حصول یقینی بنانا ہوگا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ کمرشل علاقوں میں لازمی طور پر ڈبل شفٹ شروع کی جائے، سی ای اوز اپنے علاقوں کے دورے کریں اور مانیٹرنگ مزید سخت بنائی جائے۔ وزیر بلدیات نے کہا کہ سیلاب کے دوران ستھرا پنجاب ٹیم کا کردار نہایت قابلِ تحسین رہا ہے، اس لیے سیلابی علاقوں میں خدمات انجام دینے والوں کی ہر ممکن حوصلہ افزائی کی جائے۔ ذیشان رفیق نے کہا کہ دیہی علاقوں پر بھی شہروں جیسی توجہ دینا ہوگی جبکہ مینجمنٹ کمپنیاں ریکوری کے اہداف کو بھی نظر انداز نہ کریں۔ رینکنگ کے لیے ریکوری کو بھی ایس او پیز کا حصہ بنایا گیا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ستھرا پنجاب مکمل طور پر ڈیجیٹائز پروگرام ہے اور تمام ادائیگیاں ڈیجیٹل سسٹم کے ذریعے ہی کی جائیں گی۔ سیکرٹری بلدیات شکیل احمد میاں نے کہا کہ اگر کسی کمپنی کو ہیومن ریسورسز یا مشینری کی کمی کا سامنا ہے تو فوری طور پر آگاہ کیا جائے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ شہریوں کی سہولت کے لیے وسائل کی فراہمی میں کسی قسم کی کمی نہیں آنے دی جائے گی۔











