بادشاہی مسجد لاہور میں پاک سعودی دفاعی معاہدے پر یوم تشکر کی تقریب، علماء کرام کا اتحادِ امت پر زور

12

لاہور، 19 ستمبر (اے پی پی): مجلس علماء پاکستان کے زیر اہتمام بادشاہی مسجد لاہور میں جمعتہ المبارک کے موقع پر سعودی عرب اور پاکستان کے درمیان حرمین شریفین کے تحفظ کے لیے تاریخی دفاعی معاہدے کے حوالے سے یومِ تشکر کی تقریب منعقد ہوئی۔ تقریب کی صدارت چیئرمین مرکزی رؤیت ہلال کمیٹی و خطیب و امام بادشاہی مسجد مولانا سید محمد عبدالخبیر آزاد نے کی، جس میں تمام مکاتب فکر کے جید علماء و مشائخ نے بھرپور شرکت کی۔ مولانا عبدالخبیر آزاد نے اپنے خطاب میں کہا کہ اللہ تعالیٰ نے انسان کو اشرف المخلوقات بنایا اور اسلام ہمیں وحدت، اتحاد، اخوت، بھائی چارے اور احترامِ انسانیت کا درس دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان مضبوط دفاعی معاہدہ خوش آئند اور تاریخی قدم ہے، جو خطے میں امن، استحکام اور امت مسلمہ کی سلامتی کا ضامن ہے۔ مولانا عبدالخبیر آزاد نے سعودی ولی عہد محمد بن سلمان، وزیر اعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف اور سپہ سالار پاکستان فیلڈ مارشل جنرل حافظ عاصم منیر کو تاریخی دفاعی معاہدہ کرنے پر زبردست خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ سعودی عرب پاکستان کا دوسرا گھر ہے اور حرمین شریفین کا تحفظ ہمارے ایمان کا حصہ ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اسلامی ممالک کے درمیان دفاعی تعاون وقت کی اہم ضرورت ہے اور ایک متحد اسلامی فوج کے قیام کے ذریعے امت مسلمہ کو درپیش چیلنجز کا مقابلہ کیا جا سکتا ہے۔ تقریب میں شریک علماء کرام نے بھی اس دفاعی معاہدے کو خطے اور امت مسلمہ کے لیے سنگ میل قرار دیا۔ اختتام پر پاکستان اور سعودی عرب کے پرچم بلند کرتے ہوئے “پاک سعودی دوستی زندہ باد، پاکستان زندہ باد، افواجِ پاکستان پائندہ باد” کے نعرے لگائے گئے اور عالم اسلام کے اتحاد، حرمین شریفین کے تحفظ، کشمیر و فلسطین کی آزادی کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔