ڈاکٹر آصف محمود جاہ کی کتاب ’’محتسب کی ڈائری، عوام کے نام‘‘ کی لاہور چیمبر میں شاندار رونمائی

29

لاہور، 20 ستمبر (اے پی پی): لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے زیر اہتمام ہلالِ امتیاز اور ستارۂ امتیاز یافتہ ڈاکٹر آصف محمود جاہ کی کتاب ’’محتسب کی ڈائری، عوام کے نام‘‘ کی رونمائی کی تقریب منعقد ہوئی۔ یہ کتاب وفاقی محتسب کے روز و شب اور عوامی خدمت کی داستان پر مبنی ہے۔ تقریب میں صدر لاہور چیمبر میاں ابوذر شاد، سینیئر صحافی و تجزیہ نگار مجیب الرحمٰن شامی، وائس چانسلر فاطمہ جناح میڈیکل کالج پروفیسر خالد مسعود گوندل، الماس علی جووندہ اور حفیظ اللہ نیازی نے شرکت کی۔ مہمانوں نے ڈاکٹر آصف محمود جاہ کی علمی، سرکاری اور سماجی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اپنی ذمہ داریاں بطریقِ احسن نبھائیں۔ مقررین نے ان کی ذاتی و عملی زندگی کے مختلف پہلوؤں پر روشنی ڈالی جس سے شرکاء کے علم میں اضافہ ہوا۔ بطور وفاقی محتسب ڈاکٹر آصف جاہ نے محکمے میں 55 ہزار شکایات کا ازالہ کیا، جو ان کی عوامی خدمت کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ حاضرین نے رائے دی کہ ڈاکٹر آصف کی تصنیف معاشرے کی اصلاح اور عوامی آگاہی میں اہم کردار ادا کرے گی۔