پلندری، 21 ستمبر ( اے پی پی): ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری نے کیڈٹ کالج پلندری کا دورہ کیا ہے۔ ڈی جی آئی ایس پی آر نے کیڈٹ کالج پلندری کے طلباء اور اساتذہ کے ساتھ خصوصی نشست منعقد کی ۔
معرکہ حق میں بھارت کو ذلت آمیز شکست دینے پر شرکاء نے افواج پاکستان کو شاندار خراجِ تحسین پیش کیا۔ کالج کے طلباء اور اساتذہ نے مدلل اور مفصل جوابات پر ڈی جی آئی ایس پی آر کا شکریہ ادا کیا۔
پرنسپل کیڈٹ کالج پلندری کا کہنا تھا کہ ڈی جی آئی ایس پی آر کی گفتگو اور عزم نے ہمارے حوصلوں کو مزید تقویت دی ہے۔
اس موقع پر شرکاء کا کہنا تھا کہ بطور ذمہ دار شہری سوشل میڈیا کی خبروں پر تحقیق لازمی ہے۔بطور کشمیری ہمارا پختہ عزم ہے کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے۔پاکستان اور کشمیر ایک ہیں، ان کو کوئی طاقت جدا نہیں کرسکتی۔
ان کا کہنا تھا کہ قائد اعظم کے فرمان کے مطابق کشمیر پاکستان کا حصہ تھا، ہے اور رہے گا۔شرکاء نے مزید کہا کہ ڈی جی آئی ایس پی آر کی گفتگو سے دفاعِ وطن کے لئے پاک فوج کے کردار اور قربانیوں کو جاننے کا موقع ملا۔
شرکاء نے کہا کہ کیڈٹ کالج پلندری کے پہلے شہید میجر رب نواز طارق کی عظیم قربانی پر فخر ہے جبکہ ہر طرح کی بھارتی جارحیت کے خلاف افواج پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔











