سینیٹر ڈاکٹر افنان اللہ خان کی زیر صدارت سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے وفاقی تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت کی ذیلی کمیٹی کا اجلاس

13

اسلام آباد۔22ستمبر  (اے پی پی):سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے وفاقی تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت کی ذیلی کمیٹی کا اجلاس پیر کو پارلیمنٹ ہاؤس میں منعقد ہوا۔ اجلاس کی صدارت سینیٹر ڈاکٹر افنان اللہ خان نے کی جبکہ سینیٹر نسیمہ احسان اور سینیٹر عبدالشکور خان نے بھی شرکت کی۔ اجلاس میں ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) کے نمائندگان بھی شریک ہوئے۔ اجلاس میں پرائیویٹ ممبر بل “یونیورسٹی آف بزنس، سائنسز اینڈ ٹیکنالوجی بل 2025” زیر غور آیا۔   4 اگست کو ہونے والے گزشتہ اجلاس کی ہدایات کی روشنی میں ایچ ای سی نے ایک جامع رپورٹ پیش کی جس میں نئی ​​جامعات اور ڈگری دینے والے اداروں کے قیام سے متعلق قانون سازی کے لئے سفارشات شامل تھیں۔ رپورٹ میں کل 32 کیسز کی پارلیمنٹ سے منظوری کی سفارش کی گئی۔ اجلاس کے دوران کمیٹی اور ایچ ای سی نمائندگان نے اس بات پر زور دیا کہ تمام تعلیمی ادارے قانونی اور ضوابطی فریم ورک کے مطابق قائم کئے جائیں۔ خاص طور پر 18ویں ترمیم کے بعد تعلیم صوبائی معاملہ قرار دیئے جانے کے تناظر میں بعض اداروں کا قیام صوبائی دائرہ اختیار میں زیادہ موزوں قرار دیا گیا تاہم اسلام آباد کیپٹل ٹیریٹری میں کسی یونیورسٹی کے قیام کے لئے ایچ ای سی کے تمام تقاضے پورے کرنا ناگزیر قرار دیا گیا۔ طلبہ بالخصوص بلوچستان سے تعلق رکھنے والے طلبہ کے مفاد کو مدنظر رکھتے ہوئے کمیٹی نے بل کی منظوری کی سفارش کرتے ہوئے واضح کیا کہ ایچ ای سی کے تمام معیارات جلد از جلد مکمل کئے جائیں۔  کمیٹی نے بل کو مشروط منظوری کے ساتھ متعلقہ قائمہ کمیٹی کو بھیجنے کی سفارش کی اور معاملے کو نمٹا دیا گیا۔