ایل ڈی اے سٹی میں نئے بلاکس کے پلاٹوں کی پوزیشن دینے کی تقریب، 2800 سے زائد الاٹیز کو پوزیشن لیٹرز جاری

13

لاہور 24 ستمبر (اے پی پی): ایل ڈی اے سٹی کے چار نئے بلاکس میں رہائشی پلاٹوں کی پوزیشن دینے کی تقریب منعقد ہوئی۔ تقریب میں صوبائی وزیر ہاؤسنگ بلال یاسین، وائس چیئرمین ایل ڈی اے میاں مرغوب احمد اور ڈائریکٹر جنرل ایل ڈی اے طاہر فاروق نے شرکت کی۔ اس موقع پر بتایا گیا کہ ایل ڈی اے سٹی میں اب تک ساڑھے 6 ہزار سے زائد پلاٹوں کے پوزیشن دیے جا چکے ہیں۔ وزیر ہاؤسنگ بلال یاسین نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی قیادت میں انتہائی کم وقت میں ایل ڈی اے سٹی میں ریکارڈ ترقیاتی کام ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایل ڈی اے سٹی سہولیات کے لحاظ سے کسی بھی نجی ہاؤسنگ اسکیم سے کم نہیں ہے۔ وزیر ہاؤسنگ نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کا وژن ہے کہ جس کے پاس چھت نہیں ہے اسے اپنی چھت مہیا کی جائے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ اگلے ماہ کے آخر تک “اپنی چھت، اپنا گھر پروگرام” کے تحت ایک لاکھ افراد کو گھروں کی تعمیر کے لیے قرض فراہم کیا جائے گا۔ وائس چیئرمین ایل ڈی اے میاں مرغوب احمد نے بتایا کہ ایل ڈی اے سٹی جناح سیکٹر کے اے ون، بی ون، ایچ اور ایل بلاکس کے 2800 سے زائد پلاٹوں کے پوزیشن اوپن کر دیے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی خصوصی ہدایت پر الاٹیز اب اپنے گھروں کی تعمیر کر سکیں گے۔ ڈی جی ایل ڈی اے طاہر فاروق نے کہا کہ ایل ڈی اے سٹی پنجاب کی سب سے بڑی پبلک سیکٹر ہاؤسنگ اسکیم ہے اور صوبائی دارالحکومت میں سب سے بہترین ہاؤسنگ پراجیکٹ کے طور پر سامنے آئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیلم روڈ کی تعمیر سے ایل ڈی اے سٹی جوہر ٹاؤن سے چند منٹ کی مسافت پر آ جائے گا جبکہ ایل ڈی اے سٹی اسپورٹس کمپلیکس بھی جلد ڈویلپ کیا جائے گا۔ تقریب کے اختتام پر وزیر ہاؤسنگ بلال یاسین اور وائس چیئرمین ایل ڈی اے نے الاٹیز میں پوزیشن لیٹرز تقسیم کیے۔ اس موقع پر ایڈیشنل ڈی جی ایل ڈی اے، چیف انجینئر، چیف میٹروپولیٹن پلاننگ، چیف ٹاؤن پلانر، ڈائریکٹر ایل ڈی اے سٹی، پراجیکٹ ڈائریکٹر اور دیگر افسران بھی شریک تھے۔ بعدازاں وزیر ہاؤسنگ نے ڈی جی ایل ڈی اے کے ہمراہ ایل ڈی اے سٹی کے مختلف بلاکس میں جاری ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیا۔