پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام پر 304 ارب روپے خرچ ہوں گے، پہلا مرحلہ 24 ماہ میں مکمل ہوگا: وزیر بلدیات ذیشان رفیق

16

لاہور 25 ستمبر (اے پی پی): وزیر بلدیات ذیشان رفیق کی زیر صدارت پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام (پی ڈی پی) کا جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔  وزیر بلدیات ذیشان رفیق نے کہا کہ پروگرام کے تحت مرحلہ وار 200 شہروں میں سیوریج سسٹم اور بارانی پانی کے ذخائر تعمیر کیے جائیں گے۔ رابطہ سڑکوں کی مرمت ہوگی اور صوبے بھر میں کوئی گلی کچی نہیں رہے گی۔ سٹریٹ لائٹس اور پارکوں کی بحالی بھی اسی پروگرام کا حصہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈسپوزل اسٹیشنز کی صلاحیت بڑھائی جائے گی جبکہ سولرائزیشن کے اقدامات بھی شامل ہیں۔ آلودہ پانی کو ٹریٹمنٹ پلانٹس میں پراسیس کرنے کے بعد دریاؤں میں ڈالا جائے گا۔ ذیشان رفیق نے ہدایت کی کہ ٹینڈرنگ کا عمل شفاف طریقے سے جلد مکمل کیا جائے اور حالیہ اربن فلڈنگ کے تجربے کو منصوبہ بندی میں مدنظر رکھا جائے۔ انہوں نے بتایا کہ پی ڈی پی پر عملی کام 25 اکتوبر سے شروع ہو جائے گا۔ اب تک 52 شہروں میں اسکیموں کے سروے مکمل ہو چکے ہیں جبکہ پی اینڈ ڈی بورڈ فیز ون میں 51 شہروں کے پی سی ون منظور کر چکا ہے۔ وزیر بلدیات نے کہا کہ پنجاب حکومت اس میگا پراجیکٹ پر 304 ارب روپے خرچ کر رہی ہے اور اس کا پہلا مرحلہ 18 سے 24 ماہ کے اندر مکمل ہو جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ ستھرا پنجاب کی طرح پی ڈی پی کے لیے بھی ڈیجیٹل مانیٹرنگ کا میکانزم بنایا گیا ہے اور منصوبے شہروں کی 2050 تک کی آبادی کو مدنظر رکھ کر بنائے گئے ہیں۔ ذیشان رفیق نے کہا کہ پہلی بار لائننگ والے سیوریج پائپ کا کلچر متعارف کرایا جا رہا ہے جس سے مستقبل میں نجی اسکیموں کو بھی فائدہ ہوگا۔ کمپنیوں کو پائپ کی بلاتعطل فراہمی یقینی بنانا ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ پی ڈی پی سے بڑی تعداد میں روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے اور منصوبے کا پی ایم یو ڈویژنل سطح پر تمام کام کی نگرانی کرے گا۔