پنجاب کی سینیئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب سے ورلڈ بینک کنٹری ڈائریکٹر کی ملاقات

8

 

لاہور، 25 ستمبر (اے پی پی): پنجاب کی سینیئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب سے ورلڈ بینک کی کنٹری ڈائریکٹر بولورما آ منگاہ بازر نے ملاقات کی جس میں سیلاب متاثرہ علاقوں کی بحالی اور ترقیاتی منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات کے دوران مریم اورنگزیب نے کہا کہ سیلاب سے 42 لاکھ سے زائد افراد اور 15 لاکھ ایکڑ زرعی رقبہ متاثر ہوا جبکہ تین بڑے دریاؤں کے بیک وقت بپھرنے سے پنجاب نے تاریخ کے بدترین سیلاب کا سامنا کیا۔ انہوں نے بتایا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی قیادت میں بروقت اقدامات کے نتیجے میں تاریخ کا سب سے بڑا ریسکیو اینڈ ریلیف آپریشن ممکن ہوا، جس میں لاکھوں شہریوں اور مویشیوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا۔ ورلڈ بینک کی کنٹری ڈائریکٹر نے پنجاب میں جاری منصوبوں پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کے وضع کردہ مانیٹرنگ میکانزم سے ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل ممکن ہو رہی ہے۔ انہوں نے پنجاب حکومت کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ سماجی تحفظ کے منصوبے مؤثر ثابت ہو رہے ہیں اور ترقیاتی اہداف حاصل کرنے میں بھی کامیابی یقینی ہے۔ ملاقات میں صوبائی وزراء، چیف سیکرٹری پنجاب، چیئرمین پی اینڈ ڈی بورڈ، عالمی بینک کے نمائندگان اور دیگر متعلقہ افسران بھی شریک تھے۔ بتایا گیا کہ پنجاب میں ورلڈ بینک کے تعاون سے 13 منصوبے جاری ہیں جبکہ 4 نئے منصوبوں پر غور کیا جا رہا ہے،۔