ملتان،سیلاب متاثرین کی بحالی کے لیے جامع سروے کا آغاز

18

ملتان 26 ستمبر )اے پی پی):وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر جنوبی پنجاب میں سیلاب متاثرین کے نقصانات کے تخمینے اور بحالی کے لیے جامع سروے کا آغاز کر دیا گیا ہے جبکہ جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ  سروے کی بھرپور مانیٹرنگ کے لئے فعال کردار ادا کر رہا ہے۔اس سلسلے میں ایڈیشنل چیف سیکرٹری فواد ہاشم ربانی سے کمشنر ملتان ڈویژن عامر کریم خاں نےملاقات کی۔  ایڈیشنل چیف سیکرٹری نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نقصانات کے تخمینے میں شفافیت کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ متاثرہ خاندانوں کو بروقت معاوضہ فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ شکایات کے ازالے کے لیے قائم خصوصی کمیٹیوں کو فوری طور پر فعال کرنے اور بحالی سروے میں انسانی جانوں، مکانات اور فصلوں کے نقصانات کا درست اندراج یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی گئی۔ایڈیشنل چیف سیکرٹری نے مزید کہا کہ حکومت متاثرین کو امداد کی ادائیگی کے لیے جدید طریقہ کار اختیار کرے گی۔ سروے نتائج کی بنیاد پر متاثرہ افراد کو فوری ریلیف فراہم کیا جائے گا۔انہوں نے کہاکہ متاثرہ علاقوں میں سڑکوں اور پلوں کی ہنگامی بحالی کا عمل بھی تیز کیا جائے۔کمشنر کی جانب سے بریفنگ میں بتایا گیا کہ انفراسٹرکچر کی بحالی کے لیے مشینری اور ٹیمیں متحرک ہیں۔ موبائل ایپ اور ڈیش بورڈ کے ذریعے سروے کی مانیٹرنگ کی جائے گی۔انہوں نے بتایا کہ  سروے ٹیموں کو روزانہ رپورٹنگ کی ہدایات دی گئی ہیں۔ متاثرہ علاقوں کی مکمل بحالی تک امدادی سرگرمیاں جاری رکھی جائیں گی۔اس موقع پر کمشنر نے ایڈیشنل چیف سیکرٹری کو دربار حضرت شاہ رکن عالم کا انتہائی خوبصورت مونومنٹ بھی پیش کیا۔