کھیلوں کے فروغ کے لیے حکومت پنجاب پرعزم ہے، پنجاب کو قومی و بین الاقوامی کھیلوں کا مرکز بنایا جا رہا ہے: صوبائی وزیر کھیل
لاہور، 28 ستمبر (اے پی پی): صوبائی وزیر کھیل فیصل ایوب کھوکھر نے مریدکے میں 8 کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر ہونے والے جدید ملٹی پرپز اسپورٹس کمپلیکس کا افتتاح کیا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر کھیل نے کہا کہ مسلم لیگ ن کی حکومت کو کریڈٹ جاتا ہے کہ پنجاب کے دیہاتوں میں بھی اسپورٹس کمپلیکس قائم کیے جا رہے ہیں۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے اس منصوبے کو بے حد سراہا ہے۔
فیصل ایوب کھوکھر نے کہا کہ یہ ملٹی پرپز اسپورٹس کمپلیکس نوجوانوں کے روشن مستقبل میں ایک اہم سرمایہ کاری ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پنجاب بھر میں 80 جدید اسپورٹس کمپلیکس تعمیر کیے جا رہے ہیں تاکہ نوجوانوں کو معیاری کھیلوں کی سہولیات میسر آ سکیں۔
مریدکے اسپورٹس کمپلیکس میں بیڈمنٹن ہال، ان ڈور جم، اوپن جم، بچوں کا پلے ایریا، جاگنگ ٹریک، نکاسی و پانی کا جدید نظام، پارکنگ ایریا اور مین گیٹ شامل ہیں۔
صوبائی وزیر کھیل نے کہا کہ کھیلوں کے فروغ کے لیے حکومت پنجاب پرعزم ہے اور پنجاب کو قومی و بین الاقوامی کھیلوں کا مرکز بنایا جا رہا ہے۔
اس موقع پر کھلاڑیوں اور مقامی عوام نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن پر اظہار تشکر کیا اور حکومت پنجاب کو جدید کھیلوں کی سہولیات فراہم کرنے پر خراجِ تحسین پیش کیا۔











