جلالپور، پیر والہ دریائی صورتحال معمول پر آنے کے بعد متاثرین کی گھروں کو واپسی شروع ہوگئی

15

جلالپور پیر والہ ،28 ستمبر (اے پی پی ):ڈپٹی کمشنر وسیم حامد سندھو نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب کی ہدایت پر سیلاب متاثرین کی بحالی اور امدادی سرگرمیوں کا باقاعدہ آغاز کردیا گیا ہے۔ دریائی صورتحال معمول پر آنے کے بعد متاثرین کی گھروں کو واپسی شروع ہوگئی ہے جبکہ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے متاثرہ علاقوں میں خشک راشن کی فراہمی بھی جاری ہے۔

ڈپٹی کمشنر ملتان وسیم حامد سندھو نے جلالپور پیر والہ کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا اور متاثرین میں خود راشن تقسیم کیا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ انتظامیہ دن رات محنت سے متاثرین کی بحالی کے عمل کو یقینی بنا رہی ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ دور دراز علاقوں تک کشتیوں کے ذریعے خشک راشن پہنچایا جا رہا ہے تاکہ کوئی متاثرہ خاندان امداد سے محروم نہ رہے۔ڈپٹی کمشنر وسیم حامد سندھو نے ریسکیو کیمپ کا معائنہ بھی کیا اور امدادی کارروائیوں کا جائزہ لیا۔ انہوں نے متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ بحالی کے عمل کو مزید تیز کیا جائے اور متاثرین کو فوری ریلیف فراہم کیا جائے۔ان کا کہنا تھا کہ دریائی پانی کے اترنے کے بعد انفراسٹرکچر کی بحالی کا سلسلہ تیزی سے جاری ہے۔ سڑکوں، بجلی اور دیگر سہولیات کی مرمت و بحالی پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ نے دن رات کی کاوشوں کے ذریعے نقصانات کم کرنے کی کوشش کی ہے اور یہ سلسلہ اس وقت تک جاری رہے گا جب تک سیلابی صورتحال مکمل طور پر معمول پر نہیں آجاتی۔ڈپٹی کمشنر نے عزم کا اظہار کیا کہ حکومت پنجاب کی ہدایات کے مطابق متاثرین کی مکمل بحالی یقینی بنائی جائے گی اور کسی کو تنہا نہیں چھوڑا جائے گا۔