کمشنر ملتان کی زیر صدارت پنجاب انفورسمنٹ اینڈ ریگولیٹری اتھارٹی (پیرا) کا اہم اجلاس

20

کمشنر ملتان عامر کریم خاں کی زیر صدارت پنجاب انفورسمنٹ اینڈ ریگولیٹری اتھارٹی (پیرا) کا اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں پیرا فورس کی کارکردگی اور مستقبل کی حکمت عملی پر تفصیلی غور کیا گیا۔ کمشنر نے ہدایت کی کہ پیرا فورس فیلڈ پیٹرولنگ کے ذریعے مختلف مقامات پر اپنی موجودگی یقینی بنائے اور تجاوزات و گراں فروشی کے خلاف بروقت کارروائی کرے۔اجلاس میں بتایا گیا کہ ضلع اور تحصیل کی سطح پر پیرا دفاتر قائم کیے جا رہے ہیں جبکہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایت پر پیرا کو مکمل فعال کردار ادا کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ کبیروالہ، خانیوال اور میاں چنوں میں پیرا دفاتر کی عمارتیں زیر تعمیر ہیں۔

ڈپٹی کمشنر خانیوال ڈاکٹر سلمیٰ نے اجلاس کو آگاہ کیا کہ خانیوال میں قبضہ مافیا سے پانچ کروڑ 45 لاکھ روپے مالیت کی پانچ کنال 16 مرلہ اراضی واگزار کرائی گئی جبکہ 166 چھاپوں کے دوران 8928 میٹرک ٹن گندم قبضے میں لی گئی۔

ڈپٹی کمشنر لودھراں نے بتایا کہ پیرا عملہ کی کارروائیوں کے نتیجے میں دو لاکھ 18 ہزار روپے کے جرمانے عائد کیے گئے، جبکہ ڈی سی وہاڑی کے مطابق 7335 میٹرک ٹن گندم قبضے میں لی گئی اور 27 گودام سربمہر کیے گئے۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ خانیوال اور وہاڑی میں گندم ذخیرہ اندوزوں کے خلاف کامیاب کارروائیاں کی گئیں۔ ڈپٹی کمشنر ملتان وسیم حامد سندھو نے رپورٹ دی کہ ملتان سٹی میں 2 لاکھ 38 ہزار روپے جبکہ تحصیل صدر میں 5 لاکھ 97 ہزار 500 روپے جرمانے کیے گئے۔اجلاس میں ڈپٹی کمشنرز نے پیرا کی سرگرمیوں پر تفصیلی بریفنگ دی اور کارروائیوں کو مزید تیز کرنے پر اتفاق کیا گیا۔