ورلڈ بینک کنٹری ڈائریکٹر کی وزیر صحت مصطفیٰ کمال سے ملاقات، صحت کے چیلنجز اور پائیدار حل پر گفتگو

18

اسلام آباد،01 اکتوبر (اے پی پی): ورلڈ بینک کے کنٹری ڈائریکٹر نے وفاقی وزیرِ صحت سید مصطفیٰ کمال سے ملاقات کی جس میں ایڈیشنل سیکرٹری ہیلتھ اور ڈی جی ہیلتھ بھی شریک تھے۔ ملاقات میں پاکستان کے صحت کے شعبے کو درپیش چیلنجز اور ان کے پائیدار حل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

ورلڈ بینک کے کنٹری ڈائریکٹر نے وزارتِ قومی صحت کی گزشتہ چھ ماہ کی کارکردگی کو قابلِ تحسین قرار دیتے ہوئے جاری منصوبوں کی بھرپور تائید اور توثیق کی۔

وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال نے کہا کہ صحت کے شعبے میں بہت سے چیلنجز درپیش ہیں، جن کے حل کے لیے اصلاحات کی جارہی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ دور دراز اور پسماندہ علاقوں میں ٹیلی میڈیسن کے ذریعے طبی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جارہا ہے جبکہ مریضوں کے طبی ڈیٹا کو محفوظ رکھنے کے لیے یونیورسل میڈیکل ریکارڈز تشکیل دیے جا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں 68 فیصد بیماریاں آلودہ پانی کے باعث پیدا ہوتی ہیں، اس لیے صاف پانی کی فراہمی، عوامی آگاہی اور مشترکہ کوششیں ہی اصل حل ہیں۔ اس ضمن میں قومی سطح پر مربوط حکمت عملی تشکیل دی جا رہی ہے

مصطفیٰ کمال نے کہا کہ وزارت صحت کا اصل کام صرف علاج نہیں بلکہ لوگوں کو بیمار ہونے سے بچانا ہے۔ ان کے مطابق ہسپتالوں میں مریضوں کا بوجھ بڑھ رہا ہے، اور اگر رش کم کرنا ہے تو بیماریوں سے بچاؤ کے اقدامات کو ترجیح دینا ہوگی۔ انہوں نے واضح کیا کہ صحیح معنوں میں ہیلتھ کیئر سسٹم وہی ہے جو عوام کو بیمار ہونے سے بچانے پر مبنی ہو، اور وزارت صحت اس سمت میں خصوصی اقدامات یقینی بنا رہی ہے۔