لاہور، یکم اکتوبر (اے پی پی): صوبائی وزیر صنعت و تجارت پنجاب چوہدری شافع حسین سے ازبکستان کے اعلیٰ سطحی پارلیمانی و تجارتی وفد نے ملاقات کی۔ وفد کی قیادت ازبکستان کی قانون ساز اولی مجلس کے اسپیکر مسٹر نوردنجان اسماعیلوف نے کی، جبکہ وفد میں ازبکستان کے سفیر مسٹر علی شیر تختیو، اعزازی قونصل جنرل نجیب مشتاق وہرہ، مختلف کمیٹیوں کے ڈپٹی چیئرمینز اور اداروں کے سربراہان شامل تھے۔ ملاقات میں پنجاب اور ازبکستان کے مابین تجارتی اشتراک اور دوطرفہ سرمایہ کاری کو فروغ دینے پر اتفاق کیا گیا۔ دونوں فریقین نے تجارتی اشتراک کے لیے فوکل پرسنز مقرر کرنے اور تجارتی وفود کے تبادلے بڑھانے کا فیصلہ کیا۔ صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین نے وفد کو بتایا کہ پنجاب کے اسپیشل اکنامک زونز میں غیر ملکی سرمایہ کاروں کے لیے وسیع مواقع موجود ہیں، جہاں ازبک سرمایہ کار بزنس کے مشترکہ منصوبے شروع کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب اور ازبکستان کے درمیان زراعت، سیاحت، انرجی اور الیکٹرک وہیکل سیکٹر سمیت دیگر شعبوں میں تعاون کے وسیع امکانات موجود ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ازبکستان پاکستان سے اسپورٹس گڈز، لیدر مصنوعات، فارماسیوٹیکل، ٹائلز، کراکری اور دیگر اشیاء درآمد کر سکتا ہے۔ پنجاب میں سرجیکل سٹی، گارمنٹ سٹی اور فارماسیوٹیکل ویلی کے منصوبے جاری ہیں جبکہ فیصل آباد کی انڈسٹریل اسٹیٹ ملک کی سب سے بڑی انڈسٹریل اسٹیٹ ہے، جہاں غیر ملکی سرمایہ کاروں کے لیے کمیونٹی سینٹر بھی قائم کیا جا رہا ہے۔ چوہدری شافع حسین نے کہا کہ گزشتہ دو برسوں میں کئی غیر ملکی کمپنیوں نے پنجاب میں سرمایہ کاری کی ہے اور ازبک سرمایہ کاروں کو بھی ہر ممکن سہولت فراہم کی جائے گی۔ ازبکستان کی قانون ساز اولی مجلس کے اسپیکر نے کہا کہ پاکستان اور ازبکستان تجارتی پارٹنر ہیں لیکن دوطرفہ تجارت کو مزید بڑھانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے پنجاب کو پاکستان کا سب سے بڑا صوبہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس میں سرمایہ کاری کا بے پناہ پوٹینشل موجود ہے۔ فیصل آباد کی انڈسٹریل اسٹیٹ میں غیر ملکی سرمایہ کاروں کے لیے کمیونٹی سینٹر کا قیام خوش آئند اقدام ہے۔ ازبک اسپیکر نے صوبائی وزیر چوہدری شافع حسین کو ازبکستان کے دورے کی دعوت بھی دی اور کہا کہ ازبک حکومت پنجاب کی وزارت صنعت و تجارت کے ساتھ روابط کو مزید فروغ دے گی۔ انہوں نے اعلان کیا کہ ازبک حکومت پنجاب میں اپنا تجارتی وفد بھیجے گی تاکہ دونوں جانب کی بزنس کمیونٹی کے روابط کو مزید مستحکم کیا جا سکے۔ ازبکستان کے سفیر نے کہا کہ پنجاب اور ازبکستان کے درمیان تجارتی مراسم کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں گے اور صوبائی وزیر کے آئندہ دورہ ازبکستان کے دوران وہاں کی بزنس کمیونٹی سے ملاقاتوں کا اہتمام بھی کیا جائے گا۔ اس موقع پر پنجاب سرمایہ کاری بورڈ کے ڈائریکٹر ڈاکٹر عمران ہاشمی بھی موجود تھے۔











