لاہور؛ یکم اکتوبر (اے پی پی): وزیر بلدیات پنجاب ذیشان رفیق کی زیر صدارت ویسٹ مینجمنٹ کمپنیوں کا جائزہ اجلاس منعقد ہوا جس میں فوکل پرسن ستھرا پنجاب عاصم محمود، سپیشل سیکرٹری آسیہ گل، ایل ڈبلیو ایم سی کے سی ای او بابر صاحب دین اور دیگر افسران شریک ہوئے۔ ایڈیشنل سیکرٹری احمر کیفی نے اجلاس کو تفصیلی پریذینٹیشن دی۔ اجلاس میں ویسٹ مینجمنٹ کمپنیوں کی افرادی قوت اور مشینری کی دستیابی پر غور کیا گیا۔ وزیر بلدیات ذیشان رفیق نے ہدایت کی کہ ستھرا پنجاب سے متعلق جاری ہدایات پر مکمل عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ کنٹریکٹرز کی مؤثر مانیٹرنگ کے لئے فیلڈ کے دورے ناگزیر ہیں۔ سی ای اوز کو مختلف علاقوں میں کھلی کچہریاں لگانے کی بھی ہدایت دی گئی تاکہ شہریوں کے براہ راست فیڈ بیک سے کارکردگی کو مزید بہتر بنایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کی شکایات پر فوری ایکشن لیا جائے اور اس کی تفصیلات ڈیش بورڈ پر اپ لوڈ کی جائیں۔ مانیٹرنگ اسٹاف کی استعداد کار بڑھانے کے لئے بھی اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ ذیشان رفیق نے سموگ کے قریب آتے موسم کے تناظر میں کہا کہ ویسٹ کو آگ لگانے والوں پر کڑی نظر رکھی جائے، کسی جگہ کوڑا کرکٹ جمع نہ ہونے دیا جائے اور اسے فوراً ڈمپنگ سائٹ پر منتقل کیا جائے۔ انہوں نے زور دیا کہ سموگ سیزن کے اختتام تک ہم سب کو الرٹ رہنا ہوگا۔ صوبائی وزیر نے کنٹرول روم کو ہفتہ وار سموگ رپورٹ تیار کرنے کی ہدایت بھی جاری کی۔











