کمشنر ملتان ڈویژن عامر کریم خان نے سیلاب متاثرہ علاقوں کا دورہ ،ر متاثرین سے ملاقات

18

ملتان،02 اکتو بر  (اے پی پی): کمشنر ملتان ڈویژن عامر کریم خان نے سیلاب متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا اور متاثرین سے ملاقات کی۔ اس موقع پر انہوں نے نقصانات کے تخمینے کے سروے کے عمل کا تفصیلی جائزہ لیا۔کمشنر نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے سروے اور نقصانات کے تخمینے کے حوالے سے حلف دیا اور لیا ہے۔ وزیراعلیٰ کی ہدایت پر شفافیت اور ایمانداری کو یقینی بنایا جائے گا۔ یہ صرف ایک سرکاری فرض نہیں بلکہ نیکی کا کام بھی ہے تاکہ جن شہریوں کو نقصان پہنچا ہے، ان کا مکمل ازالہ ہو سکے۔انہوں نے بتایا کہ ملتان ڈویژن میں مجموعی طور پر 267 ٹیمیں سروے میں حصہ لے رہی ہیں جن میں ملتان کی 89، وہاڑی کی 67، خانیوال کی 85 اور لودھراں کی 26 ٹیمیں شامل ہیں۔ یہ ٹیمیں انسانی جانوں، زخمیوں، مکانوں، کھڑی فصلوں اور مویشیوں کے نقصانات کا تخمینہ لگا رہی ہیں۔کمشنر عامر کریم خان نے مزید کہا کہ نقصانات کی تفصیلات اینڈرائڈ ایپ کے ذریعے جمع کی جارہی ہیں اور ان کی تصدیق نادرا سمیت دیگر اداروں سے کی جائے گی۔ اہل متاثرین کو معاوضے کی ادائیگی بینک آف پنجاب کے ذریعے کی جائے گی، جس کے لیے ڈسبرسمنٹ سینٹرز میں بائیومیٹرک تصدیق اور فوری ادائیگی کی سہولت فراہم کی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ سروے ایک ماہ میں مکمل کرلیا جائے گا جبکہ شکایات کے ازالے کے لیے ڈیش بورڈ پر کمیٹی قائم کردی گئی ہے جو سات دن کے اندر فیصلہ کرے گی۔ نقصان کے تخمینے میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ اسسٹنٹ کمشنر سٹی محمد سمیع اور دیگر افسران بھی کمشنر کے ہمراہ تھے۔