اسلام آباد ، 03 اکتوبر ( اے پی پی ):وفاقی سیکرٹری برائے صحت حامد یعقوب شیخ کی زیر صدارت ڈینگی سے بچاؤ کے حوالے سے سی ڈی اے ہیڈکوارٹرز میں اجلاس منعقد ہوا ۔اجلاس میں چئیرمین سی ڈی اے و چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا، کمشنر راولپنڈی عامر خٹک، سی ڈی اے بورڈ ممبران، ڈی سی اسلام آباد، ڈی سی راولپنڈی، ایگزیکٹو ڈائریکٹر کیپیٹل ہسپتال، ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ سمیت جڑواں شہروں کی انتظامیہ کے افسران نے شرکت کی۔
اجلاس میں چڑواں شہروں میں ڈینگی کی موجودہ صورتحال، سرویلنس سرگرمیوں اور احتیاطی تدابیر کے حوالے سے بریفنگ دی گئی ۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ اب تک رپورٹ کئے گئے ڈینگی کیسز کی شرح پچھلے سال کی نسبت کم ہے،
دارالحکومت اسلام آباد میں اس وقت 50 اور راولپنڈی میں 45 مریض مختلف ہسپتالوں میں زیر علاج ہیں، کیپیٹل ہسپتال میں 4 جبکہ پمز میں 1 مریض زیر علاج ہیں،جڑواں شہروں کے سرکاری ہسپتالوں میں ڈینگی کے مریضوں کیلئے مناسب بیڈز کا بندوبست موجود ہے، ڈینگی کی ممکنہ افزائش کو ابتدائی مراحل میں روکنے اور لاروے کے پھیلاؤ کو کنٹرول کرنے کیلئے فوگنگ اسپرے کا عمل تیزی سے جاری ہے۔ جڑواں شہروں کے سرکاری ہسپتالوں میں وافر مقدار میں ٹیسٹ کٹس، ادویات سمیت دیگر سہولیات میسر ہیں، اجلاس میں جڑواں شہروں کے حساس علاقوں کی سخت مانیٹرنگ کی ہدایت کی گئی۔جڑواں شہروں کی انتظامیہ کو باؤنڈری ایریاز میں کوارڈینیشن کو مزید بہتر بنانے کی ہدایت بھی کی گئی ۔
اس موقع پر وفاقی سیکرٹری برائے صحت نے کہا کہ متعلقہ انتظامیہ ہاٹ اسپاٹ ایریاز کی کڑی نگرانی کو ہر حال میں یقینی بنائیں، دونوں شہروں کی انتظامیہ ڈینگی کے خاتمے کیلئے ایک ٹیم کے طور پر اپنے فرائض سر انجام دیں۔
حامد یعقوب شیخ نے کہا کہجڑواں شہروں کی انتظامیہ ملکر مشترکہ کارروائیاں کریں اور ڈینگی کی افزائش کے مقامات کو جلد کلیئر کیا جائے۔ چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے کہا کہ ڈینگی کے حوالے سے عوام الناس بالخصوص بزرگوں اور بچوں میں باقاعدہ احتیاطی تدابیر کی آگہی پیدا کی جائے۔











