کوالالمپور، 5 اکتوبر ( اے پی پی): وزیراعظم پاکستان محمد شہباز شریف ملائیشیا کے سرکاری دورے پر کوالالمپور پہنچ گئے، جہاں ان کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔کوالالمپور کے بنگا رایا بین الاقوامی ہوائی اڈے پر ملائیشیا کے وزیر اطلاعات و کمیونیکیشنز فہمی فاضل، پاکستان کے ہائی کمشنر سید احسن رضا شاہ اور سفارتی عملے نے وزیراعظم کا خیرمقدم کیا۔ وزیراعظم کو شاہی پروٹوکول کے تحت ان کی رہائش گاہ منتقل کیا گیا۔وزیراعظم کی رہائش گاہ آمد پر ملائیشیا کے وزیراعظم انور ابراہیم نے ان کا گرمجوشی سے استقبال کیا اور دورہ ملائیشیا پر خوش آمدید کہا۔اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ ملائیشیا آ کر بے حد خوشی ہوئی ہے۔ میں پرتپاک استقبال پر ملائیشیا کے وزیراعظم کا تہہ دل سے شکر گزار ہوں۔انہوں نے مزید کہا کہ یہ دورہ پاکستان اور ملائیشیا کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مزید تقویت دے گا۔وزیراعظم شہباز شریف یہ دورہ ملائیشیا کے وزیراعظم انور ابراہیم کی دعوت پر کر رہے ہیں۔ اپنے دورے کے دوران وہ ملائیشیائی ہم منصب سے ون آن ون ملاقات کریں گے، جبکہ دونوں ممالک کے درمیان وفود کی سطح پر مذاکرات بھی ہوں گے۔اس دورے کے دوران مختلف شعبہ جات میں تعاون سے متعلق معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کیے جائیں گے۔ دونوں ممالک تجارت، آئی ٹی و ٹیلی کام، حلال انڈسٹری، سرمایہ کاری، تعلیم، توانائی، انفراسٹرکچر اور ڈیجیٹل معیشت میں دوطرفہ تعاون کو فروغ دینے پر بات کریں گے۔مزید برآں، عوامی روابط بڑھانے اور تعاون کے نئے مواقع تلاش کرنے پر بھی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔یہ دورہ پاکستان اور ملائیشیا کے تعلقات کو مزید مضبوط اور مستحکم بنانے میں انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔











