اسلام آباد، 6اکتوبر (اے پی پی): وفاقی جمہوریہ ایتھوپیا اور اسلامی جمہوریہ پاکستان نے اپنے دوطرفہ تعلقات کو مزید گہرا کرنے کے لیے دفاع اور ہوا بازی کے شعبوں میں تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا ہے۔
یہ مفاہمت پیر کو یہاں ایتھوپیا کے خصوصی ایلچی اور سفیر ڈاکٹر جمال بکر عبداﷲ اور وفاقی وزیر دفاع خواجہ محمد آصف کے درمیان ملاقات کے دوران طے پائی۔
دونوں فریقوں نے ایتھوپیا اور پاکستان کے درمیان امن و سلامتی، دفاع، ہوا بازی، موسمیاتی تبدیلی، تجارت اور سرمایہ کاری، ثقافت اور سیاحت سمیت مختلف شعبوں میں بڑھتے ہوئے دو طرفہ اور کثیر جہتی تعاون پر تبادلہ خیال کیا۔
ایتھوپین سفیر نے وزیر دفاع کو دی گرینڈ ایتھوپین ری انسائینس ڈیم کے حالیہ افتتاح کے بارے میں بتایا، جو پانی کے منصفانہ اور معقول استعمال کے اصول پر بنایا گیا ہے، جس سے کسی دوسرے ملک کو کوئی خاص نقصان پہنچائے بغیر علاقائی انضمام کو فروغ دیا گیا ہے۔
مزید برآں، ایتھوپین سفیر نے ایوی ایشن کے شعبے میں ایتھوپیا کی نمایاں پیش رفت پر زور دیا اور کراچی کے موجودہ روٹ کے علاوہ پاکستان کے لیے پروازوں کے مقامات کو بڑھانے میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔
وفاقی وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے ایتھوپیا کی دور اندیش قیادت کے اپنے ملک کےلئے ترقی ، سماجی و اقتصادی ترقی ، خوشحالی کیلئے فلاحی اقدامات کر سراہا۔انہوں نے قرن افریقہ میں امن، سلامتی اور استحکام کو فروغ دینے میں ایتھوپیا کے اہم کردار کی بھی تعریف کی، اور ان کاوشوں کےلئے پاکستان کی غیر متزلزل حمایت کی تصدیق کی۔











