عوامی مفاد ، امن ہماری ترجیح ہے ، وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف

14

اسلام آباد 8،اکتوبر (اے پی پی ): وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ عوامی مفاد اور امن ہماری ترجیح ہے۔ پہلے بھی کشمیری بہن بھائیوں کے حقوق کے محافظ تھے اور آئندہ بھی انکے حقوق کا تحفظ کرتے رہیں گے۔

آزاد کشمیر میں مذاکرتی عمل کی کامیابی کے بعد حکومتی مذاکراتی کمیٹی سے ملاقات  میں وزیراعظم نے مذاکراتی کمیٹی کے اراکین کی کشمیر میں معاملات کو احسن طور سے حل کرنے کیلئے کوششوں کی پزیرائی کی-

وزیراعظم نے کہا کہ  آزاد کشمیر کی عوام کی خدمت کرتے رہیں گے جبکہ جوائنٹ ایکشن کمیٹی نے بھی کشمیر کی ترقی و خوشحالی کیلئے معاملہ فہمی کا مظاہرہ کیا جس کیلئے وہ لائق تحسین ہیں۔

انہوں نے کہا کہ  کشمیر میں تمام معاملات خوش اسلوبی سے حل ہوئے، کشمیری عوام کے تمام تحفظات کو دور کیا جائے گا جبکہ  حکومت اپنے کشمیری بھائیوں کے مسائل کو حل کرنے کے لیے اقدامات جاری رکھے گی۔

وزیر اعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ آزاد کشمیر کے مسائل پر ہمیشہ توجہ رہی ہے اور میری حکومت نے ہمیشہ ترجیحی بنیادوں پر ان مسائل کو حل کیا ہے۔