وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کا نیشنل پولیس اکیڈمی کا رات گئے اچانک دورہ

23

اسلام آباد، 08 اکتوبر (اے پی پی):وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے رات گئے نیشنل پولیس اکیڈمی اسلام آباد کا اچانک دورہ کیا اور اکیڈمی کی اپ گریڈیشن کے جاری کاموں پر پیش رفت کا جائزہ لیا۔وزیر داخلہ نے نئے زیر تعمیر ہاسٹل کے تعمیراتی کاموں کا معائنہ کیا اور متعلقہ افسران سے بریفنگ لی۔محسن نقوی نے کہا کہ ہاسٹل مکمل ہونے سے زیر تربیت پولیس افسران کو بہترین رہائش کی سہولت میسر آئے گی۔انہوں نے اکیڈمی میں زیر تربیت پولیس افسران سے ملاقات بھی کی اور اُن سے دستیاب سہولتوں کے بارے میں استفسار کیا، جس پر افسران نے موجودہ انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔ افسران کی جانب سے بریفنگ میں بتایا گیا کہ ہاسٹل کی تین سلیب مکمل ہو چکی ہیں جبکہ باقی تعمیراتی کام تیزی سے جاری ہے۔

اس موقع پر چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا سمیت دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔