وزیراعظم شہباز شریف کی زیرصدارت مجوزہ سرکاری اداروں کی نجکاری پر جائزہ اجلاس

6

اسلام آباد، 9 اکتوبر (اے پی پی): وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت آج مجوزہ سرکاری اداروں کی نجکاری پر اہم جائزہ اجلاس ہوا جس میں 24 میں سے 15 سرکاری اداروں کی نجکاری کے عمل پر پیش رفت سے وزیراعظم کو آگاہ کیا گیا۔

وزیراعظم نے ہدایت کی کہ مجوزہ سرکاری اداروں کی نجکاری کے عمل میں قومی مفاد اور مستقبل میں اداروں کی پیشہ وارانہ استعداد بڑھانے کو ملحوظ خاطر رکھا جائے۔ انہوں نے اس عمل میں عالمی شہرت یافتہ ماہرین کی خدمات حاصل کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ اداروں کی اندرونی استعداد کار بڑھانے کے لیے جامع حکمتِ عملی کے تحت فوری اقدامات کیے جائیں۔

وزیراعظم نے مزید کہا کہ نجکاری کے عمل میں شامل سرکاری اداروں کے لیے بہترین اور شفاف معاہدے طے کیے جائیں، اور اس عمل میں کسی قسم کی ادارہ جاتی یا انتظامی تاخیر اور سرخ فیتے کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔

انہوں نے نجکاری کے عمل کی ذاتی نگرانی کرنے اور اس کی پیش رفت پر باقاعدگی سے اجلاس منعقد کرنے کی ہدایت دی۔ وزیراعظم نے زور دیا کہ قومی خزانے پر بوجھ بننے والے اور غیر فعال سرکاری اداروں کی نجکاری جلد از جلد مکمل کی جائے تاکہ انتظامی اور ادارہ جاتی پیچیدگیوں سے بچا جا سکے۔

اجلاس میں وفاقی وزیر برائے اقتصادی امور احد خان چیمہ، وفاقی وزیر برائے توانائی سردار اویس احمد خان لغاری، وزیرِ مملکت برائے خزانہ بلال اظہر کیانی اور دیگر متعلقہ اداروں کے اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔