ملتان،09 اکتوبر(اے پی پی):کمشنر ملتان ڈویژن عامر کریم خان نے زیر تعمیر ملتان وہاڑی روڈ کے مختلف حصوں کا دورہ کیا اور جاری ترقیاتی کاموں کا تفصیلی جائزہ لیا۔یہ منصوبہ تین اضلاع میں بیک وقت جاری ہے اور اس پر تیزی سے کام جاری و ساری ہے۔
دورے کے موقع پر کمشنر عامر کریم خان نے ہدایت کی کہ وہاڑی چوک سے بابر چوک تک ساڑھے چار کلو میٹر طویل حصہ 31 دسمبر تک ہر لحاظ سے مکمل کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ چونکہ سڑک کے اطراف گنجان آباد علاقے واقع ہیں، اس لیے خوبصورتی کے تمام پہلوؤں کو خصوصی طور پر مدنظر رکھا جائے۔انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ گرین بیلٹس میں شجرکاری کی جائے، رنگوں کے دلکش نقش و نگار والے اینٹوں کے فرش بچھائے جائیں اور خوبصورت ڈیزائن کے بجلی کے کھمبے نصب کیے جائیں تاکہ شہر کی ظاہری خوبصورتی میں اضافہ ہو۔
انہوں نے مزید کہا کہ اسٹیڈیم چوک یا کسی موزوں مقام پر یادگار تعمیر کی جائے جبکہ نو بہار نہر کے پل کی تزئین و آرائش کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں۔ انہوں نے یہ بھی ہدایت کی کہ سڑک پر بننے والی آبی گزرگاہیں مقررہ معیار اور فنی اصولوں کے مطابق تعمیر کی جائیں تاکہ پائیداری اور معیار یقینی بنایا جا سکے۔
عامر کریم خان نے بتایا کہ 90 کلو میٹر طویل اس سڑک پر انیس مقامات پر جدید طرز کے بس شیڈز تعمیر کیے جائیں گے، جن سے شہریوں کو بہتر سفری سہولت میسر آئے گی۔
دورے کے دوران کمشنر عامر کریم خان نے سڑک کی ہمواری اور معیار جانچنے کے لیے اسٹریٹ ایج ٹیسٹ اپنی نگرانی میں کروایا اور متعلقہ حکام کو معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہ کرنے کی ہدایت دی۔











