اسلام آباد، 9 اکتوبر(اے پی پی ): قومی اسمبلی کے زیر اہتمام آذربائیجان کی اردو کتاب “حب الوطنی کی جنگ کی تاریخ شخصیت کا عنصر” کی تقریبِ رونمائی پارلیمنٹ ہاؤس میں منعقد ہوئی۔
تقریب میں آذربائیجان کے سفیر خضر فرہادوف اور ترکیہ کے سفیر عرفان نذیر اوعلو ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی سید غلام مصطفیٰ شاہ نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔ تقریب میں وفاقی وزراء، اعظم نذر تارڑ، عطاء اللہ تارڑ، عبدالعلیم خان بھی موجود تھے۔
کتاب میں آذربائیجان کی آرمینیا کے خلاف جنگ اور نوگورنو کاراباخ کی آزادی کا تفصیلی احاطہ کیا گیا۔ڈپٹی اسپیکر سید غلام مصطفیٰ شاہ نے “حب الوطنی کی جنگ کی تاریخ” کتاب کو بہترین علمی کاوش قرار دیا۔
ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی سید غلام مصطفیٰ شاہ کا کہنا تھا کہ کتاب میں پاکستان اور آذربائیجان کے گہرے مذہبی و ثقافتی تعلقات کو اجاگر کیا گیا ہے،پاکستان اور آذربائیجان کی قیادت و عوام میں گہرے برادرانہ تعلقات استوار ہیں۔
ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی کا کہنا تھا کہ یہ کتاب دونوں ملکوں کے عوام اور قیادت کو مزید قریب لانے میں سنگِ میل ثابت ہوگی۔ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ صدر الہام علییوف کی قیادت میں آذربائیجان نے ہر شعبے میں نمایاں ترقی حاصل کی ہے۔
ڈپٹی سپیکر کا پاکستان اور آذربائیجان کے درمیان پارلیمانی اور عوامی رابطوں کے فروغ کی ضرورت پر زور دیا ہے۔تقریب سے آذربائیجان کے سفیر خضر فرہادوف نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس کتاب میں آذربائیجان کی 44 روزہ جنگ میں فتح کا جامع احاطہ کیا گیا ہے۔
سفیر خضر فرہادوف کا کہنا تھا کہ کتاب میں صدر الہام علییوف کے تاریخی اور مؤثر کردار کو نمایاں انداز میں بیان کیا گیا،اس جنگ کے نتیجے میں دہائیوں بعد نوگورنو کاراباخ کو آزادی نصیب ہوئی۔آذربائیجان کے سفیر نے اظہارِ تشکر میں کرتے ہوئے کہا کہ جنگ میں پاکستان اور ترکیہ نے آذربائیجان کا بھرپور ساتھ دیا۔ آذربائیجان کی قیادت اور عوام کے دلوں میں پاکستان کے لیے گہری محبت اور عقیدت موجود ہے۔
تقریب سے ترکیہ کے سفیر عرفان نذیر اوعلو نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان، ترکیہ اور ذربائیجان کے تعلقات ملی یکجہتی اور بھائی چارے کی مثال ہیں،تینوں برادر ملکوں نے ہر مشکل گھڑی میں ایک دوسرے کا ساتھ دیا ہے۔
عرفان نذیر اوعلو کا کہنا تھا کہ پاکستان، ترکیہ اور آذربائیجان علاقائی و عالمی امور پر یکساں مؤقف رکھتے ہیں،۔ تینوں ممالک یکجہتی کے ساتھ ہر چیلنج کا مقابلہ کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔
تقریب کے اختتام پر آذربائیجان کے سفیر نے اردو میں لکھی گئی کتاب ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی سید غلام مصطفیٰ شاہ کو پیش کی۔











